’کراچی کو کس حال میں پہنچا دیا‘ گٹر میں گرنے والی خاتون کی ویڈیو وائرل

منگل 14 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں گٹروں کے ڈھکن عموماً چوری ہو جاتے ہیں، ہر سڑک پر مین ہول کھلے نظر آتے ہیں، شہر میں کھلے ہوئے گٹر آئے روز جان لیوا حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ کراچی میں یوسی 119 مکہ مسجد کے سامنے پیش آیا جس میں بزرگ خاتون گٹر میں جا گریں جن کو خوش قسمتی سے علاقہ مکینوں نے بچا لیا۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ جس پر صارفین کی جانب سے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جنید رضا زیدی نے مرتضیٰ وہاب کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مسلسل 4 سال سے کبھی ایڈمنسٹریٹر کراچی تو کبھی میئر کراچی منتخب ہو رہے ہیں ، 15 سال سے مسلسل وزارت بلدیات کے کرتا دھرتا مرتضی وہاب کے کیمرے سے ہٹ کر دیکھیں تو انہوں نے کراچی کا یہ حال کر دیا ہے۔

باسط رضا نے لکھا کہ مرتضیٰ وہاب عہدوں کی دوڑ میں بہت ترقی کر گئے مگر کراچی کے حصے میں صرف تنزلی آئی۔

ایک صارف نے سوال کیا کہ کیا ان لوگوں کو کوئی پوچھنے والا ہے؟

آصف سلطان نے تنقید کرنے والے صارفین کو جواب دیتے ہوئے اور حکومت کی حمایت میں لکھا کہ اگر گٹر کا ڈھکن چوری ہو جائے تو میئر کراچی کا اس میں کیا قصور ہے، وہ کیا کر سکتا ہے؟

واضح رہے کراچی میں گٹر کے ڈھکن نہ ہونے کے باعث اب تک متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ جس کے بعد کراچی میں گٹر کے ڈھکن بنانے کا کارخانہ بھی نصب کیا گیا تھا۔

ایم ڈی واٹر بورڈ سید صلاح الدین احمد نے کہا تھا کہ گٹر کے ڈھکن ٹوٹنے سے حادثات رونما ہوتے تھے جس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ خود سے ڈھکن بنائیں، ایسی فیکٹریاں دیگر جگہوں پر بھی بنائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp