ہر مسئلے کا حل مذاکرات، مگر ن لیگ سنجیدہ نہیں، پرویز الٰہی

بدھ 15 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی  نے کہا ہے کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے لیکن لگتا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں۔

لاہور میں احتساب عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ن لیگ کے اندر اس وقت 2 بیانیے چل رہے ہیں، ایک مذاکرات کے حق میں ہے اور دوسرا حکمران طبقہ مذاکرات سے فرار چاہتا ہے

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے مذاکرات کی حامی بھری ہے، پاکستان کے سیاسی و معاشی حالات عمران خان سے مذاکرات کرنے کے بعد ہی بہتر ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنا مثبت کردار ادا کریں تب ہی استحکام پیدا ہو گا، عام انتخابات اور پھر ضمنی الیکشن میں عوام نے ن لیگ کو مسترد کیا، فارم 47 والی حکومت عوام کو کسی صورت قبول نہیں۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا خوف جعلی حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا، نااہل حکمران کب تک عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جیل میں بند رکھیں گے، بہت جلد سب عوام میں ہوں گے۔

لاہور ہائیکورٹ: چیف الیکشن کمشنر تعیناتی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور

لاہور ہائیکورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرتے ہوئے اسے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے وکیل طالب حسین کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سیاسی بنیادوں پر کی گئی۔

رجسٹرار آفس کا اعتراض تھا کہ اس نوعیت کی درخواست اسلام آباد میں ہائیکورٹ میں دائر ہوسکتی ہے ۔ دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے دلائل دیے کہ اس طرح کی درخواست سپریم کورٹ خارج کرچکی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس درخواست میں کوئی نئی گروانڈ ہے اس کو قانونی طور پر دیکھتے ہیں، اگر نہ بنتی ہوئی تو خارج کردوں گا۔ عدالت نے درخواست کو دائری نمبر لگا کر سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

گندم اسکینڈل: پنجاب حکومت کو 20 مئی تک جواب جمع کرانے کی مہلت مل گئی

لاہور ہائیکورٹ میں گندم اسکینڈل کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر درخواست  پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو جواب داخل کرانے کیلئے 20 مئی تک مہلت دے دی۔

جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر سماعت کی، پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب داخل کرانے کے لیے مہلت کی استدعا کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنا کہ نگران حکومت نے وافر گندم ہونے کے باوجود اسے در آمد کیا۔ وکیل نے گندم درآمد کرانے کی جوڈیشل انکوائری کرانے اور ذمہ داران کا تعین کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی استدعا کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp