ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، جاری منصوبوں پر کام کی تیزی کے لیے کوشاں ہیں۔
اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات میں اہم امور پر اتفاق ہوا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پاک چین دوستی علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے ضروری ہے، میری نائب چینی وزیراعظم سے مختلف امور پر تعمیری بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر چین کے اصولی موقف کو سراہتے ہیں، افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کو ختم کرے۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان ایس آئی ایف سی کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنارہا ہے۔
پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، چینی وزیر خارجہ
اس موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہاکہ چین اور پاکستان تزویراتی شراکت دار ہیں، پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، دونوں ملکوں کی دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، اسحاق ڈار کا نائب وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد چین کا دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔