گرمی کا اثر کم کرنے والے 5مشروب اور ان کی تراکیب

بدھ 22 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

موسم گرما میں ایسے مشروبات کا استعمال کیا جا سکتا ہے جو جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول میں رکھنے میں مفید ثابت ہوتے ہیں۔ان مشروبات کو مختلف پھلوں یا پھولوں کی پنکھڑیوں سے بنایا جا سکتا ہے۔

پاکستان میں گرمیوں کا آغاز تقریباً ہو ہی چکا ہے۔ گرمیوں میں صحت مند اور تندرست رہنے کے لئے جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول رکھنا بھی ضروری ہے۔

گرمیوں میں جیسے جیسے درجہ حرارت میں اضافہ ہونا شروع ہوتا ہے، پسینہ آنے کی وجہ سے ہم پانی کی کمی اورتھکاوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں، تھکن محسوس کرنے لگتے ہیں۔

جھلسا دینے والی گرمی کے موسم میں ہم ایسے کھانے اور مشروبات کا استعمال کرتے ہیں جن کی تاثیر ٹھنڈی ہو۔

موسم گرما میں جسم کا درجہ حرارت کم کرنے کے لیے ایسے بہترین مشروبات کا استعمال بھی
کیا جا سکتا ہے جو پھلوں یا پھولوں کی پنکھڑیوں کے عرق کو چینی اور پانی کے ساتھ ملا کر بنائے جاتے ہیں۔

شربت کے بارے میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس کے ساتھ مختلف تجربات کیے جا سکتے ہیں۔

لہذا،اگر آپ کا شمار بھی ان لوگوں میں ہوتا ہے جو موسم گرما میں شربت پینا پسند کرتے ہیں تو ہم آپ کے لئے 5صحت افزا شربتوں کی تراکیب لے کر آئے ہیں، جنہیں آپ موسم گرما میں گھر پر بنا سکتے ہیں۔
ان تازگی بخش مشروبات کو آپ موسم گرما میں ضرور آزمائیں:

1۔پودینہ اور گڑ کا شربت

تصویر:این ڈی ٹی وی

پودینہ اور گڑ کا یہ مزیدار شربت آپ کو تروتازہ کر دے گا۔

یہ شربت تیار کرنے کے لئے آپ کو تھوڑا سا گڑ ،پودینہ کے تازہ پتوں،گلابی نمک،زیرہ پاؤڈر اور پانی کی ضرورت ہے۔

:پودینے اور گڑ کا شربت بنانے کی ترکیب:

گڑ۔۔۔۔۔ڈیڑھ کھانے کے چمچ
پودینہ۔۔۔۔۔4سے5پتے
گلابی نمک۔۔۔۔۔ایک چٹکی
زیرہ پاؤڈر۔۔۔۔۔ایک چٹکی
پانی۔۔۔۔۔ ٹھنڈا ایک کپ

2۔خس کا شربت

تصویر:این ڈی ٹی وی

ایک اور تازگی بخش شربت جو آپ کو اس موسم گرما میں ضرور آزمانا چاہیے وہ ہے خس کا شربت۔

خس ایک قسم کی گھاس ہے جس کی پتیاں باریک اور لمبی ہوتی ہیں اور اس کی جڑیں نہایت خوشبو دار ہوتی ہیں۔

اس گھاس کی جڑوں کو دوا کے طور پر بھی استعمال کیا جا تا ہے۔ خس دریا اور تالابوں کے کنارے کثرت سے پیدا ہوتی ہے۔

اس جڑی بوٹی کا شربت بنانے کے لئے پہلے اسے پانی میں کافی دیر تک بھگو کر رکھنا پڑتا ہے۔

خس کا شربت بنانے کی ترکیب:

پانی۔۔۔۔۔3کپ
چینی۔۔۔۔۔4کپ
خس کا عرق۔۔۔۔۔ایک کھانے کا چمچ
سبز رنگ۔۔۔۔۔ایک سے دو کھانے کے چمچ

پانی اور چینی کو مکس کر کے ہلکی آنچ پر رکھ دیں اور تب تک پکائیں جب تک چینی پانی میں اچھی طرح مکس ہو کر شیرہ نہ بن جائے۔ پھر اس شیرہ میں خس کا عرق اور سبز رنگ شامل کر کے ایک صاف بوتل میں ڈال لیں اور استعمال کے وقت بوتل میں سے تھوڑی مقدار میں گلاس میں ڈال کر پانی میں شامل  کر کے پیئیں۔

3۔بادام کا شربت

تصویر:این ڈی ٹی وی

بادام کا یہ شربت انتہائی غذائیت بخش ہے۔اسے تیار کرنے کے لئے آپ کو بادام،الائچی اور کیوڑہ چاہیے۔

بادام کا شربت بنانے کی ترکیب:

بادام۔۔۔۔۔120گرام بادام(پوری رات بگھونے کے بعد چھیل لیں)
الائچی۔۔۔۔۔8الائچیوں کو پیس کر پانی میں شامل کر کے ابال لیں اور چھان لیں۔
بادام ایسنس۔۔۔۔۔ایک کھانے کا چمچ
چینی۔۔۔۔۔3کپ
پانی۔۔۔۔۔2 کپ
کیوڑہ ایسنس۔۔۔۔ایک کھانے کا چمچ
پوٹاشیم میٹا بائی سلفیٹ۔۔۔۔۔ایک کھانے کا چمچ

باداموں میں پانی مکس کر کے ان کا پیسٹ بنا لیں۔اس پیسٹ کو باریک چھلنی یا ململ کے کپڑے سے چھان لیں۔ اس میں دو کپ پانی ڈالیں اور چینی شامل کر کے ہلکی آنچ پر رکھ دیں۔ الائچی اور کیوڑہ ایسنس شامل کریں۔ ٹھنڈا ہونے پر اس میں پوٹاشیم سلفیٹ شامل کریں اور ایک صاف بوتل میں ڈال لیں۔

4۔ صندل کا شربت

تصویر:این ڈی ٹی وی

اگر آپ مشروبات میں سے کچھ منفرد آزمانا چاہتے ہیں تو صندل کا شربت بھی آزمانے کے قابل ہے۔

اس شربت کے لئے آپ کو صندل کی لکڑی کے پاؤڈر کو شکر والے دودھ میں ملانے سے یہ گرمیوں کے موسم کے لیے بہترین تازگی والا ایک مشروب بن جاتا ہے۔

صندل کا شربت بنانے کی ترکیب:

چینی۔۔۔۔۔ایک کلو گرام
پانی۔۔۔۔۔3لیٹر
صندل پاؤڈر۔۔۔۔۔10گرام(ایک پوٹلی میں بند کر لیں)
دودھ۔۔۔۔۔2کھانے کے چمچ
لیموں کا رس۔۔۔۔۔2کھانے کے چمچ

چینی کو پانی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں جب چینی پانی میں مکس ہو جائے تو آنچ تیز کر لیں اور اُبال لے آئیں۔ اب اس میں دودھ شامل کر لیں اور اس وقت تک پکائیں جب تک اطراف میں جھاگ نہ بن جائے۔ اب اس میں لیموں کا رس شامل کر لیں اور اسے پکائیں حتیٰ کہ یہ تھوڑا گاڑھا ہو جائے اور دھاگہ بننا شروع ہو جائے۔ اب پین کو آنچ سے اتار لیں اور اس میں صندل کی پوٹلی ڈال کر رات بھر کے لئے رکھنے کے بعد بوتل میں ڈال لیں۔

5۔ شربت گلاب

تصویر:این ڈی ٹی وی

گلاب کا شربت جسم میں ٹھنڈک کے اثر کو برقرار رکھتا ہے۔

گلاب کا شربت بنانے کا طریقہ:

گلاب کی پتیوں کو پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔
پتیوں کو پانی سے بھرے ساس پین میں ڈال کر اُبال لیں۔

جب پتیوں کا رنگ سفید ہو جائے اور پانی گلابی ہو جائے تو کسی دوسرے برتن میں چھان لیں۔

اب اس عرق گلاب کی مقدار کے مطابق چینی مکس کر لیں اور اسے ابال لیں یہاں تک کہ چینی مکمل طور پرمکس ہو جائے اور شربت گاڑھا ہو جائے۔ اب ایک سے دو قطرے گلاب کا ایسنس ڈالیں اور اچھی طرح ملا لیں۔

اسے ٹھنڈے پانی میں ملا کر استعمال کریں۔

مشروبات کی ان صحت افزا اور صحت بخش ترکیبوں کو موسم گرما میں ضرور آزمائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp