پولیس حراست میں قتل؛ نامزد ایس پی نیئرالحق پراسرار طور پر لاپتا

جمعہ 17 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے کلفٹن میں پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت کا معاملہ اس وقت مزید گمبھیر ہوگیا جب ایس پی درخشاں نیئرالحق کی اہلیہ نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر کو 2 روز قبل پولیس اور سادہ لباس میں ملبوس اہلکار ساتھ لے گئے ہیں۔

کراچی کے درخشاں تھانے میں تعینات ایس پی نئیر الحق کی اہلیہ نے عامر منسوب قریشی ایڈووکیٹ کے توسط سے شوہر کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے بتایا کہ نیئر الحق کو 15 اور 16 مئی درمیانی شب درخشاں پولیس یونیفارم اور سادہ لباس اہلکار ساتھ لے گئے۔

وکیل عامر منسوب قریشی نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ تھانہ اور پولیس اپنے ہی افسر کی گمشدگی سے لاعلم ہے، نیئر الحق پولیس حراست میں شہری کی ہلاکت میں مقدمہ میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کررکھی تھی اور انہیں گزشتہ روز متعلقہ عدالت میں سرنڈر کرنا تھا مگر رات میں غائب کردیا گیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی پولیس سندھ، محکمہ داخلہ، صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے، عدالت نے ایس پی درخشاں نیئر الحق کی بازیابی کے لیے بھی اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔

واضح رہے کہ15  اپریل کو زیر حراست ملزم معیز نسیم مبینہ طور پر پولیس تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، اس مقدمے میں ایس ایچ او علی رضا لغاری اور ہیڈ محرر کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ ایس پی پولیس نیئر الحق سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ساحل تھانے میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp