عمران خان کو نیب ترامیم کیس میں ذاتی طور پر پیش کیا جائے، علی محمد خان

جمعہ 17 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے کہا ہے کہ نیب ترامیم کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ویڈیو لنک کے بجائے ذاتی طور پر سپریم کورٹ میں بلایا جائے، چیف جسٹس وفاقی حکومت کو حکم دیں کہ وہ عمران خان کو عدالت پیشی کے لیے سیکیورٹی فراہم کرے، ہمیں سلامتی اور دفاع کے اداروں پر 100 فیصد اعتماد ہے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ ہمیں سلامتی اور دفاع کے اداروں پر 100 فیصد اعتماد ہے،عمران خان کو نیب ترامیم کیس میں سپریم کورٹ میں ذاتی طور پر پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جس دن حکومت نے فیصلہ کرلیا کہ عمران خان کو سپریم کورٹ آنے دینا ہے تو ہمارے ریاستی اداروں میں اتنی طاقت ہے کہ وہ اپنے سابق وزیراعظم کو بحفاظت سپریم کورٹ پہنچائیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے سپریم کورٹ تک صرف 40 منٹ کا راستہ ہے۔ ’میں آج اڈیالہ جیل کے باہر کھڑے ہوکر اپنے ملک کے چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ حکم دیں، حکومت سے کوئی خیر کی توقع نہیں، اگلی پیشی پر عمران خان کو ویڈیو لنک کے بجائے ذاتی طور پر بلائیں۔

انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت کو حکم دیں کہ حکومت عمران خان کو سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے لیے سیکیورٹی فراہم کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp