وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے پانی کے عالمی دن کے حوالے سے پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے یاد دلایا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھرمیں پانی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ زندگی کی بقا کا دارومدار ہی پانی پر ہے۔ ایک زرعی ملک ہونے کی وجہ سے ہمارا آبی وسائل پر بہت زیادہ انحصار ہے۔ تاہم ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے پاکستان کو پانی کے شدید بحران کا سامنا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ پانی کی کمی کے شکار ممالک میں سے ایک ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو 2025 تک پاکستان خشک سالی کا شکار ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں فی کس پانی کا استعمال سب سے زیادہ ہے، ہمیں پانی کا استعمال نظم و ضبط کے ساتھ کرنا ہوگا۔ پانی کو احتیاط سے استعمال کرنا اور پانی کے ذخائر کا تحفظ کرنا ہم سب کا قومی فرض ہے۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے کہا کہ پانی کا بین الاقوامی دن ہمارے لیے ایک یاد دہانی ہے، مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ہمیں پانی کے پائیدار انتظام کے اقدامات کرنے ہوں گے۔