نواز شریف کے خلاف کی گئی سازشوں نے پاکستان کی جڑوں کو ہلا دیا، شہباز شریف

ہفتہ 18 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف کی گئی سازشوں نے پاکستان کی جڑوں کو ہلا دیا، اس ملک میں یکجہتی قائد ن لیگ ہی لا سکتے ہیں، سیاسی جماعتیں قوم کے لیے نواز شریف کے ساتھ مل کر چلیں۔

مسلم لیگ ن کے سیکریٹریٹ میں سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف نے اپنے ادوار میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، 2013 سے 2018 تک ملک کو لوڈشیڈنگ سے چھٹکارہ دلانے کے ساتھ ساتھ دہشتگردی سے بھی نجات دلائی گئی۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے ساتھ سازش 2018 میں ہی نہیں ہوئی بلکہ 1999 میں بھی ان کو ہتھکڑیاں لگائی گئی تھیں اور جلا وطن کردیا گیا جس کے بعد بیگم کلثوم نواز نے آمریت کے خلاف تحریک چلائی۔

شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف کے ساتھ ظلم کے نتیجے میں مجھے پارٹی صدارت سونپی گئی تھی اور اب یہ امانت واپس کررہا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ تاریخ کا حصہ ہے اور اس دوران ماسوائے چند فصلی بٹیروں کے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ساتھ نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ساتھ لانڈھی جیل میں جو کچھ ہوا وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے، نواز شریف نے ملک کے لیے دلیرانہ فیصلے کیے، امریکا کی آفرز کے باوجود پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔

شہباز شریف نے کہاکہ 2013 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد نواز شریف سی پیک لے کر آئے جس سے 33 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ حالیہ عام انتخابات کے بعد میں نے نواز شریف کو کہاکہ آپ وزیراعظم بنیں لیکن انہوں نے یہ ذمہ داری میرے کندھوں پر ڈال دی۔

انہوں نے کہاکہ آج ملک ایسے مقام پر ہے کہ اگر ہم سب نے مل کر اس کو اس منجدھار سے نکالنے کی کوشش نہ کی تو قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp