امریکا کی مشرقی ریاستوں پر لاکھوں کی تعداد میں مورمن ٹڈیوں نے ایسا خوفناک حملہ کیا ہے، جس سے سڑکیں اور دیواریں بھی ڈھک گئیں اور علاقے میں خوفناک بدبو پھیل گئی، مورمن ٹڈیوں کو سڑک سے ہٹانے کے لیے ٹریکٹر مشین منگوانی پڑی، ماہرین ان مورمن ٹڈیوں کے اچانک نکل آنے کی وجہ موسمیاتی تبدیلی اور درجہ حرات میں اضافے کو قرار دے رہے ہیں۔
امریکا کی مشرقی ریاست ایڈاہو کے ٹرانسپورٹیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ مورمن ٹڈی نے امریکا کی مشرقی ریاست کے زیادہ تر حصوں پر حملہ کیا ہے، لاکھوں کی تعداد میں مورمن ٹڈی کے جھنڈ ان ریاستوں کے مغربی علاقوں کے شہروں تک پھیل گئے ہیں۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایڈاہو کی کچھ سڑکیں لاتعداد مورمن ٹڈیوں سے اس قدر ڈھکی ہوئی ہیں کہ محکمہ شاہرات کو انہیں سڑک سے ہٹانے اور صاف کرنے کے لیے ٹریکٹر مشین منگوانا پڑی۔
شمالی امریکہ سے تعلق رکھنے والی مورمن ٹڈیاں، جو لمبائی میں 2 انچ تک بڑھ سکتی ہیں، ان کیڑوں نے مورمن آباد کاروں کے کھیتوں کو تباہ کر دیا تھا اور یہاں ہی سے انہیں مورمن ٹڈی کا نام بھی دیا گیا۔
یونیورسٹی آف نیواڈا، رینو کے کالج آف ایگریکلچر، بائیو ٹیکنالوجی اینڈ نیچرل ریسورسز کے مطابق یہ دراصل مختصر پروں والے کیٹائڈز ہیں جو چربی والی ٹڈیوں سے ملتے جلتے ہیں اور زیادہ دور تک اڑ نہیں سکتے۔
یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں، مغرب بھر میں پھیلنے والی وبا کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کا بحران جزوی طور پر ان ٹڈیوں کے نکلنے کا ذمہ دار ہوسکتا ہے۔
امریکی محکمہ زراعت (یو ایس ڈی اے) کے مطابق خشک سالی بھی مورمن ٹڈیوں کے پھیلنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، جس کے نتیجے میں اربوں کیڑے مکوڑے پیدا ہوجاتے ہیں اور رینج لینڈ اور زرعی زمین کو بڑے معاشی اور ماحولیاتی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نیواڈا یونیورسٹی، رینو کے ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ مورن ٹڈیاں مٹی کے کٹاؤ، پانی کے خراب معیار، غذائیت سے محروم مٹی اور ممکنہ طور پر رینج اور زرعی ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
عام طور پر یہ ٹڈیاں پرواز کے بغیر ایک ساتھ سفر کرتی ہیں اور روزانہ کم از کم ایک چوتھائی میل کا سفر طے کرتی ہیں۔ یو ایس ڈی اے کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے وہ پودوں کو کھا جاتے ہیں، بے شمار فصلوں کو نقصان پہنچتا ہے اور کٹاؤ، پانی کے بہاؤ اور غذائی قلت جیسی قدرتی تبدیلیاں رونما ہو جاتی ہیں۔
یہ مورمن ٹڈیاں اس قدر زیادہ ہیں کہ گھروں، عمارتوں اور سڑکوں کو ڈھانپ لیتی ہیں، رات وقت گاڑیوں کے چلنے سے یہ کچلی بھی جاتی ہیں اور تمام سڑکیں خون آلود ہو جاتی ہیں اور گرمیوں کی تیز دھوپ میں ان کے بیٹھنے کی وجہ سے ایک خوفناک بو آتی ہے۔