کرغزستان میں طلبہ پر حملے، نائب وزیراعظم پاکستان آج خصوصی پرواز سے بشکیک روانہ ہونگے

اتوار 19 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں غیرملکی طالبہ و طالبات پر مقامی افراد کے حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد آج نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار بشکیک جائیں گے۔

خصوصی پرواز سے کرغزستان جانے والے نائب وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر امیر مقام ہوں گے۔ نائب وزہراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بشکیک میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

اسحاق ڈار حملوں سے متاثرہ طلبہ کو علاج ،معالجے کے حوالے سے بھی خصوصی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے، نیز وطن واپس لوٹنے والے طلبہ کےمعاملات کا جائزہ بھی لیں گے۔

غیر ملکی طلبہ مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے، شہباز شریف

بشکیک میں رونما ہونے والی صورتحال پر وزیراعظم  شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کرغزستان میں غیر ملکی طلبہ مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے، مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور  بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

اس ضمن میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانہ زخمی طلبہ کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات میں معاونت یقینی بنائے اور جو طلبہ پاکستان آنا چاہیں  سرکاری خرچ  پر ان کی فوری  واپسی یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں بلوائیوں کی جانب سے پاکستانی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے طالب علموں پر  حملوں میں 14 افراد زخمی ہوئے تھے۔

کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں بشکیک میں دیگر ممالک کے طالب علموں پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کرغز حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حملوں میں کسی پاکستانی کی ہلاکت نہیں ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp