کرغزستان میں زیرتعلیم پاکستانی طلبہ کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان میں تعینات کرغز سفیر کو مراسلہ بھیجا ہے۔
مزید پڑھیں
وزیر اعلیٰ نے مراسلے میں کرغز حکومت کی طرف سے پاکستانی طلبہ کی حفاظت کے لیے بروقت اقدامات پر اظہار اطمینان کیا اور طلبہ کی حفاظت کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مراسلے کے مندرجات کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کرغز حکومت کے بروقت اقدامات طلبہ کو مزید نقصان سے بچانے اور ان کے والدین کو تسلی دینے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے لکھا ہے کہ اس مشکل وقت میں کرغز حکومت کا قائدانہ کردار صورتحال کو نارمل کرنے اور طلبہ کو تحفظ کا احساس دلانے میں انتہائی مددگار ثابت ہوا ہے۔
مراسلے کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستانی طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے پر ہم کرغز حکومت کے شکرگزار ہیں، تاہم یہ واقعات طلبہ اور ان کے اہل خانہ کے لئے ذہنی دباؤ اور تکلیف کا باعث بنے ہیں۔