پاکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم کے دورہ پاکستان اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
مزید پڑھیں
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر دفتر خارجہ کے آفیشل اکاؤنٹ پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کے درمیان ٹیلی فون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ملاقات میں ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے دورہ پاکستان کے ابتدائی انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے سعودی ہم منصب کو بتایا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام والی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے دورہ پاکستان کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں، اس پر دونوں وزرائے خارجہ نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کی تاریخ کا تعین بعد میں دونوں اطراف کے اتفاق رائے سے طے کرنے پر اتفاق کیا۔
بیان کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نے غزہ کی پٹی اور اس کے گردونواح میں جاری خطرناک صورت حال کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔