آئی جی اسلام آباد کے گھر کے باہر سے لاکھوں روپے کی کیبل چوری کا معاملہ کیا ہے؟

پیر 20 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کی رہائش گاہ کے قریب سے لاکھوں روپے مالیت کی (تار) کیبل چوری کرنے والے گروہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا، پولیس نے تینوں ملزمان سے چوری شدہ کیبل برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کی رہائش کے قریب سے لاکھوں روپے مالیت کی کیبل چوری کرنے والے گروہ کے 3 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کیبل برآمد کرلی گئی ہے۔

ایس ایچ او  تھانہ کوہسار کے مطابق یہ گروہ کیبل چوری کی مختلف وارداتوں میں مطلوب تھا، گروہ کے تینوں ارکان کے خلاف تکنیکی بنیادوں پر تفتیش عمل میں لاتے ہوئے 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کیا گیا ہے۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پر چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کے گھر کے قریب سے کیبل چوری ہونے پر شہریوں نے اسلام آباد پولیس کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

شہریوں نے اسلام آباد پولیس پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ آئی جی اسلام آباد کا 24 گھنٹے جاگنے کا کیا فائدہ، گھر کے باہر سے کوئی کیبل کاٹ کے لیے گیا۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے بھی اس معاملے پر خاموش رہنا مناسب نہیں سمجھا اور تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’چوروں کو پڑ گئے مور‘۔

 

ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ چوری آئی جی اسلام آباد کے گھر کے باہر سے ہوئی ہے، خود ہی سمجھ جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp