ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے محکمہ موسمیات نے کئی شہروں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ظاہر کردیا ہے، اس صورت حال کے پیش نظر حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں میٹرک جبکہ سندھ کے دیگر شہروں میں انٹرمیڈیٹ امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے سندھ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کرنے کے بعد ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے کراچی میں میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے ہیں۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے مطابق 21 سے 27 مئی کے درمیان میٹرک کے امتحانات نہیں ہوں گے، یہ نوٹیفیکشن وزیر تعلیمی بورڈز اور جامعات کے حکم پر جاری کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے مطابق 28 مئی سے میٹرک امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے جبکہ 21 اور 27 مئی کے درمیان ملتوی پرچے کا امتحان بعد میں لیا جائے گا۔
کراچی میں متوقع ہیٹ ویو کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بھی انتظامات کرلیے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک وارڈ بنا دیئے گئے ہیں اور سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کو ان وارڈز کی خصوصی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بتایا ہے کہ عباسی شہید اسپتال، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس، اسپنسر آئی اسپتال، KIHD سمیت دیگر اسپتالوں میں ہیٹ ویو کے مریضوں کے لیے بیڈز مختص کردیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں ہیٹ ویو آنے کی صورت میں کراچی میں اس کے اثرات کم ہوںگے لیکن اسپتال فعال رہیں گے۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن 11 بجے سے 3 بجے کے دوران شہری دھوپ اور گرمی سے خصوصی احتیاط کریں، متاثر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔