گرمی کی جھُلسا دینے والی لہر برقرار، درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سورج آنکھیں دکھانے لگا۔ ملک کے بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ میدانی علاقوں میں جھلسا دینے والی لہر برقرار۔ محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت اور درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کردیا۔ بڑھتی گرمی کے ساتھ لوڈشنڈنگ نے بھی سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ گرمی کی شدت آئے روز بڑھنے لگی ہے۔ سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں جھلسا دینے والی گرمی کا راج برقرار ہے۔

موسم کا حال سنانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ سندھ اور پنجاب میں 21 سے 23 مئی کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 جبکہ 23 سے 27 مئی کے دوران 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں 21 سے 27 مئی کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران سوات، مالاکنڈ اور کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ سندھ اور پنجاب کہیں کہیں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

سب سے زیادہ گرمی (48 ڈگری) سبی میں پڑی

سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑی جہاں درجہ حرارت 48 ڈگری تک پہنچ گیا۔ نوابشاہ 47، تربت، دادو 44۔ بہاولپور، ڈیرہ غازی خان 46۔ ملتان، فیصل آباد، ساہیوال 45۔ سرگودھا، لاہور، ڈیرہ اسماعیل خان 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بجلی کا شاٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا

گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔ طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ ملک میں بجلی کا شاٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا۔ دیہی علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے، شہری علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp