سابق وزیراعظم آزاد کشمیر 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے استعمال کیخلاف کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

سردار تنویر الیاس کو گزشتہ روز ایف آئی اے حکام نےاسلام آباد سے گرفتار کرنے کے بعد آج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا۔

ایف آئی اے پروسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اپنایا کہ سردار تنویر الیاس نے وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کیا، انہوں نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر سعودی عرب کا دورہ کیا، وہ قانون کے مطابق وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد پاسپورٹ استعمال نہیں کرسکتے تھے۔

پروسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سردار تنویر الیاس کا پاسپورٹ کینسل کیا گیا مگر انہوں نے تاحال واپس نہیں کیا ہے، پاسپورٹ برآمد کرنے کے لیے ملزم کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ سردار تنویرالیاس سابق وزیراعظم ہیں، اس لیے وہ ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کر سکتے ہیں، پروسیکیوٹر نے تنویر الیاس سے پاسپورٹ برآمد کرنے کے لیے ریمانڈ مانگا ہے، ہم پاسپورٹ عدالت میں پیش کر دیتے ہیں۔

عدالت نے ایف آئی کی جانب سے سردار تنویر الیاس کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp