سندھ حکومت نے صوبے بھر کے اسکولوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی۔
اس سے قبل پنجاب کی طرز پر سندھ میں گرمی کی چھٹیاں قبل از وقت کرنے کی تجویز زیرِ غور تھی، تاہم نوٹیفکیشن کے مطابق گرمیوں کی چھٹیاں اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ہی ہوں گی۔
سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے 25 جنوری کے فیصلے کے مطابق ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام سندھ بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول یکم جون سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات کی مد میں بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب بھر میں سرکاری و نجی اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سےشروع ہوں گی جو 14 اگست تک جاری رہیں گی، نوٹیفکیشن کے مطابق موسم کی شدید صورتِ حال کے باعث پنجاب میں اسکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں۔