ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نامعلوم ’خواجہ سراؤں‘ کے حملے میں زخمی

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا ہے جس سے وہ زخمی ہوگئے ہیں۔

رؤف حسن پر حملہ اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر کیا گیا۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی پر نامعلوم افراد نے بلیڈ سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

رؤف حسن جی سیون میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر سے جونہی باہر نکلے تو نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کردیا جس سے وہ زخمی ہوگئے اور خون بہنے لگا۔

ابتدائی اطلاعات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 4 نامعلوم افراد نے رؤف حسن پر حملہ کیا اور بلیڈ سے کٹ لگائے گئے، ذرائع کے مطابق حملہ آور خواجہ سراؤں کے روپ میں تھے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے رؤف حسن پر نامعلوم افراد کے حملے کا ایوان بالا سینیٹ میں اٹھا دیا، شبلی فراز نے کہاکہ مجھے رؤف حسن پر حملے کی اطلاع ملی ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ وزیر داخلہ اس وقت ایوان میں موجود نہیں، میں ان سے یا آئی جی سے معلومات لے کر ایوان کو آگاہ کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ رؤف حسن پر حملے کے معاملے پر قانون کے مطابق عملدرآمد ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے پارٹی ترجمان پر نامعلوم افراد کے حملے کے خلاف ایوان بالا سے احتجاجاً واک آؤٹ کردیا۔

رؤف حسن کا ابتدائی بیان سامنے آگیا

رؤف حسن نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ بلیڈ یا کسی تیز دھار آلے سے میرے چہرے پر کٹ لگائے گئے، اور جب لوگ جمع ہوگئے تو حملہ آور فرار ہوگئے۔

بیرسٹر گوہر کا رؤف حسن پر حملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے رؤف حسن پر حملے کی فوری تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ رؤف حسن کو گال پر 3 گہرے زخم آئے ہیں، زخموں پر اسٹیچز لگائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ زخموں کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے یہ ان کی زندگی پر حملہ تھا، اللہ نے رؤف حسن کو نئی زندگی بخشی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ان کی  کبھی کسی سے کوئی دشمنی نہیں رہی جو ان پر حملے کا سبب بنے، ہم رؤف حسن کی زندگی پر کیے جانے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp