کراچی: رینجرز نے سی ٹی ڈی تھانے سے عراق سے آئے شہری کو کیسے بازیاب کرایا؟

بدھ 22 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں رینجرز نے عراق سے آئے ایک شہری کو تھانہ انسداد دہشتگردی سول لائنز سے بازیاب کرا لیا۔

ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ کے مطابق، شہری عراق سے واپس آیا تھا جسے تھانہ سی ٹی ڈی سول لائنز کے اہلکاروں نے 19 مئی کو اٹھا لیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رینجرز نے مذکورہ تھانے پر چھاپہ مار کر شہری کو بازیاب کرا لیا ہے۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ رینجرز کی کارروائی کے بعد سی ٹی ڈی تھانہ سول لائنز کے 2 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا اور ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا۔

آصف اعجاز شیخ کے مطابق، عراق سے واپس آئے شہری کی رہائی کے لیے تھانہ سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے 15 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی،  بعد ازاں معاملہ ڈیڑھ لاکھ روپے میں طے ہوگیا تھا۔

رینجرز نے شہری کو کیسے بازیاب کرایا؟

ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ نے کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رینجرز کے سادہ لباس اہلکاروں نے تھانہ سی ٹی ڈی سول لائنز جاکر اہلکاروں کو مطلوبہ رقم ادا کی۔

انہوں نے بتایا کہ اسی دوران رینجرز کے باوردی جوانوں نے تھانے پر چھاپہ مارا اور تھانے کے اہلکاروں کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی تھانے کے سب انسپکٹر اور اے ایس آئی کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ ایک کانسٹیبل اور مخبر تاحال مفرور ہیں۔

آصف اعجاز شیخ نے بتایا ہے کہ تمام ملوث اہلکاروں کےخلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، ایس ایچ او سول لائنز سی ٹی ڈی امداد خواجہ کوبھی معطل کردیا گیا ہے۔

بازیاب شہری کے بارے میں سی ٹی ڈی حکام  کا کہنا ہے کہ مذکورہ شہری سے بھی تفتیش کی جائے گی، اسے ابھی کلیئر قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ سی ٹی ڈی کو اس پر کالعدم تنظیم سے روابط کا شبہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp