رؤف حسن پر حملہ : ’یہ خواجہ سرا نہیں بلکہ اس کے پیچھے کوئی اور ہے‘

بدھ 22 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر گزشتہ روز اسلام آباد میں4 نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے، رؤف حسن کے چہرے پر تیز دھار آلے سے وار کیا گیا حملے کا مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا۔

 ایف آئی آر میں رؤف حسن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حملہ آورروں نے تیز دھار آلے سے حملہ کر کے جان سے مارنے کی کوشش کی ہے۔ دو روز قبل بھی حملہ کیا گیا تھا، تحریک انصاف کا ترجمان ہوں اور مجھے جان سے مارنے کی کوشش کی گئی ہے، مجھے جان کا تحفظ دیا جائے۔

رؤف حسن پر حملے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہیں گال پر گہرا کٹ لگا ہے۔ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ان مکروہ ہتھکنڈوں اور پُرتشدد کارروائیوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنی جماعت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ پوری قوم جانتی ہے کہ ہماری قیادت پر ایسے حملے کون کروا رہا ہے۔ یہ وہی قوّتیں ہیں جو پردوں کے پیچھے چھُپ کر وار کرتی،اپنے ٹاؤٹوں، اپنے مہروں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلاتی، ججوں کو دھمکاتی اور پوری ڈھٹائی سے انتخابی نتائج کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے پورے انتخابی عمل کو ایک مذاق بنا کر رکھ دیتی ہیں۔

صحافی صابر شاکر کا کہنا تھا کہ رؤف حسن کی گردن کاٹنے کی کوشش کی گئی اصل نشانہ شہہ رگ تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ خواجہ سرا نہیں بلکہ اس کے پیچھے کوئی اور ہے اور یہ کسی ماہر پروفیشنل نشانہ باز کا کام لگتا ہے۔

رؤف حسن پر حملے کے بعد خواجہ سراؤں کی تنظیم کے راولپنڈی کی سربراہ صبا گل کا مذمتی بیان بھی سامنے آگیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خواجہ سرا ایسا کام نہیں کرسکتے ہیں، آپ نے ملک کے ساتھ کیا مذاق بنایا ہے۔ ہماری کمیونٹی کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال نہ کریں۔ سیاست کو اپنی جگہ رکھیں ہم رؤف حسن پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے رؤف حسن کی زندگی لینے کےلیے حملہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رؤف حسن نے کبھی ایسا کام نہیں کیا کہ ان پر کوئی حملہ کیا جائے، حملے کی پوری جانچ پڑتال کی جائے۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا کہنا تھا کہ رؤف حسن دبنگ طریقے سے ملک میں جاری فسطائیت کی حقیقت بیان کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ان پر نامعلوم افراد کا حملہ بزدلانہ عمل اور گھبراہٹ کی نشانی ہے۔

صحافی حبیب اکرم کا کہنا تھا کہ رؤف حسن پر حملہ ایک میڈیا آفس کے باہر ہوا ہے یہ ایک سیاسی جماعت کو بھی پیغام ہے اور کسی اور کو بھی پیغام ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ رؤف حسن پر حملہ نہایت ہی گھٹیا حرکت ہے۔ اس حملے سے نہ رؤف حسن ڈریں گے اور نہ ہی پی ٹی آئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp