ہمایوں سعید نے پہلی بار بےاولادی کی وجہ بتادی

بدھ 22 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی نامور اداکار اور فلم پروڈیوسر ہمایوں سعید جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 90 کی دہائی میں کیا اور بے پناہ شہرت حاصل کی، نے بے اولادی سمیت اپنی زندگی کے بارے میں متعدد انکشافات کیے ہیں۔

 یو ٹیوب چینل ’ناشپاتی پرائم‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکار نے اولاد نہ ہونے سے متعلق سوال پر کہا کہ کچھ مسائل کی وجہ سے ان کی اولاد نہیں ہوسکی تاہم وہ اسے اللہ کی مرضی سمجھتے ہیں۔

معروف اداکار ہمایوں سعید کی 1995 میں ثمینہ ہمایوں کے ساتھ شادی ہوئی تھی لیکن ان کے ہاں آج تک کوئی اولاد نہیں ہے۔

ہمایوں سعید نے اپنے انٹرویو کے دوران کہا کہ ’ یہ مشہور ہے کہ کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے‘، لیکن ان کی کامیابی کے پیچھے ایک نہیں بلکہ کئی عورتوں کا ہاتھ ہے۔ جن میں ان کی بیوی ثمینہ کے علاوہ اداکارہ نادیہ جمیل اور ثانیہ سعید بھی شامل ہیں۔

اسکینڈلز سے متعلق ایک سوال پر ہمایوں سعید نے کہا کہ پہلے وہ اپنے متعلق اسکینڈلز کو مذاق میں لیا کرتے تھے لیکن اب اگر کوئی اسکینڈل آجائے تو انہیں بُرا لگتا ہے، ایسے اسکینڈلز سے فیملی متاثر ہوتی ہے اور جب سے سوشل میڈیا آیا ہے لوگ ہر بات پر یقین کرلیتےہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ میرا، عائشہ خان یا مشی خان سے شادی کی افواہوں پر یقین کرلیتے ہیں لیکن میری شادی صرف ایک ہی ہے اور وہ ثمینہ سے ہے۔

بالی ووڈ فلم انڈسٹری سے آفر ملنے سے متعلق سوال پر اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں کبھی بھی کوئی بڑی پیش کش نہیں آئی لیکن ’گجنی‘ کے لیے عامر خان نے بلایا تھا مگر کردار سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب فلم کے ایک کردار کے لیے آڈیشن دینے گئے تو عامر خان نے انہیں کہا تھا کہ یہ کردار ان پر اچھا نہیں لگے گا، ہمایوں سعید نے تسلیم کیا کہ وہ خود بھی جانتے تھے کہ وہ اس کردار کے لیے موزوں نہیں تھے۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ جب وہ باہرملک گھومنے جاتے ہیں تو دوست کہتے ہیں کہ گوری لڑکیوں کے چکر میں گئے ہو، جس کے جواب میں وہ کہتے ہیں کہ مجھے گوری نہیں بلکہ پاکستانی لڑکیاں پسند ہیں۔

ایڈوینچر سے متعلق سوال پراداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ ان کے ایڈوینچر الگ قسم کے ہوتے ہیں لیکن وہ اس کی تفصیل نہیں بتاسکتے کیونکہ انہیں اپنی بیوی سے ڈر لگتا ہے۔

کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ انہیں اپنا کیریئر پاکستان کے علاوہ کہیں نہیں بنانا، وہ پاکستان میں ہی کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp