عمران خان کی جانب سے خود پر قاتلانہ حملے کی حکومتی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیے جانے پر پنجاب کی نگراں حکومت نے ایک تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے ان پر مبینہ طور پر قاتلانہ حملوں کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے سنگین الزام کی جامع تحقیقات ہو اور ہر دو صورتوں میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔
Government of Punjab has decided to appoint a Commission to conduct inquiry of assassination threats as alleged by Mr. Imran Khan. We want to ensure that such serious allegation be thoroughly investigated. And strict action will be taken either way.
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) March 22, 2023
یاد رہے کہ بدھ کے روز اپنے ویڈیو بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِاعظم عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف ایک آدھ روز میں آپریشن کیا جائے گا اور اصل پلان انہیں مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کرنا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پنجاب اور اسلام آباد کے پولیس سربراہان نے 2 اسکواڈ تشکیل دیے ہیں جو جمعرات یا جمعہ کو ان کے خلاف آپریشن کے دوران خود ہی کچھ پولیس والوں کو قتل کردیں گے اور پھر اسی بہانے ایکشن لیتے ہوئے انہیں (عمران خان) اسی طرح قتل کریں گے جس طرح بینظیر بھٹو کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کو کراچی میں مارا گیا تھا۔