لاہور کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کا دورہ کرانے پر شمالی وزیرستان کے طلبا پاک فوج کے شکرگزار

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ اور غلام خان کے طلبا نے اسلام آباد اور لاہور کے تفریحی اور سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے زیراہتمام اس 5 روزہ دورے کے دوران طلبا کے کھانے، رہائش اور نقل و حمل کے تمام اخراجات پاک فوج نے ادا کیے۔

لاہور کے دورے کے دوران طلبا کو مینار پاکستان اور پاکستان مونومنٹ کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ یہ ہمارے آباؤاجداد کی جدوجہد اور لازوال قربانیوں کی علامت ہے۔

لوک ورثہ میوزیم نے طلبا کی علمی مہارت اور دانشورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ لوک ورثہ میوزیم کے دورہ میں طلبا پاکستانی ثقافت اور تاریخی ورثے سے روشناس ہوئے۔

بادشاہی مسجد میں طلبا کو اسلامی تاریخ، مصوری اور دلکش طرز تعمیر سے روشناس کرایا گیا۔

آرمی میوزیم کے دورے کے دوران پاک فوج کی تاریخ فتوحات، خدمات اور شہدا کی لازوال داستانوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔

وزیرستان سے آئے طلبا واہگہ بارڈر بھی گئے اور وہاں کی روایتی تقریب سے خوب محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر حب الوطنی کے جذبے سے سرشار طلبا نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔

طلبا کے لیے ان مقامات کا دورہ ایک تعلیمی تجربہ تھا جس کے دوران انہیں تاریخی ورثے کو سمجھنے بلکہ پاکستان کی تاریخ، فنون لطیفہ، ادب اور دینی ورثے سے بھی روشناس ہونے کا موقع ملا۔

تفریحی اور تعلیمی دورہ منعقد کرانے پر تمام طلبا نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی ایسے تعلیمی تجربات دوروں کا اہتمام کیے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp