حوثیوں کے زیر اثر الحُدیدہ ایئرپورٹ پر امریکی اور برطانوی طیاروں کے حملے

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حوثیوں کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی کے مطابق امریکیو برطانوی بحری اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے الحُدیدہ ہوائی اڈے پر 6 فضائی حملے کیے ہیں، یہ ہوائی اڈہ بحیرہ احمر کے بندرگاہی شہر الحُدیدہ کے جنوبی حصے میں واقع ہے جو حوثیوں کے کنٹرول میں ہے۔

رپورٹ میں اس حملے سے ہونے والے جانی یا مالی نقصان کے بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی گئی، جبکہ مقامی رہائشیوں نے اس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں کو طاقتور قرار دیا ہے، تاہم امریکی اور برطانوی اتحاد نے ابھی تک ان مبینہ حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

حدیدہ ہوائی اڈے کو 2014 کے اواخر سے شہری پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا جب یمن میں برسرِ پیکار حوثی گروپ نے کئی شمالی شہروں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا، جن میں حدیدہ کا اہم شہر بھی شامل تھا۔

حوثیوں نے غزہ کی پٹی میں آباد فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے گزشتہ برس نومبر میں جہاز شکن بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کی مدد سے بحیرہ احمر سے گزرنے والے ان جہازوں کو نشانہ بنانے کا آغاز کیا، جو ان کے بقول اسرائیل سے منسلک تجارت سے وابستہ تھے۔

بحرہ احمر میں یمن کی جانب سے امڈتے اس بحری خطرے سے نمٹنے کے لیے نزدیک ہی تعینات امریکی برطانوی بحری اتحاد نے جنوری سے یمن میں حوثی اہداف کے خلاف فضائی اور میزائل حملے کیے ہیں تاکہ گروپ کو اس نوعیت کی کارروائی سے روکا جا سکے۔

تاہم حوثیوں نے جوابی کارروائی کے طور پر اپنے حملوں میں امریکی اور برطانوی بحری جہازوں کو بھی نشانہ پر رکھ لیا ہے، حوثی گروپ نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ وہ اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

’اس کا مقصد اسرائیلی فورسز پر دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ غزہ کا محاصرہ ختم کرتے ہوئے امدادی سامان اور ادویات کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے دیں۔‘

حوثی گروپ نے واضح کیا ہے کہ وہ بحیرہ احمر، خلیج عدن اور بحر ہند میں تجارتی اور فوجی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک اسرائیل غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ جنگ ختم نہیں کردیتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp