چینی کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں 15 لاکھ ٹن چینی اضافی ہے، چینی کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں، چینی کی قیمت کا تعین اقتصادی رابطہ کمیٹی کرے گی۔

جمعرات کے روز وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اسلام آباد میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں چینی کی برآمد سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کو چینی کی برآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شوگرز ملز نے رواں سیزن میں گنے کے کاشتکاروں کو 800 ارب روپے میں سے 760 روپے ادا کیے، کاشتکاروں کو اب بھی 40 ارب ادا کرنے ہیں، چینی برآمد نہ ہوئی تو شوگر ملز رواں سال نومبر میں کرشنگ نہیں کرسکیں گی۔

اجلاس میں تجویز دی گئی کہ 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کی جائے تو 26 کروڑ ڈالر حاصل ہوں گے۔

اس موقع پر گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چینی برآمد نہ ہوئی تو آئندہ سیزن میں شوگرملز دیوالیہ ہوجائیں گی، چینی برآمد نہ ہونے پر آئندہ سیزن میں 40 شوگرملز بند ہوجائیں گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس/فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں 15 لاکھ ٹن چینی اضافی ہے، چینی کی برآمد کا فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کرے گی، اقتصادی رابطے کمیٹی چینی کے اسٹاک اور عالمی مارکیٹ کا جائزہ لے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں، شوگر ملز پورا سال 140 روپے ایکس فیکٹری قیمت پر چینی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp