ترک صدر نے دنیا کو نئی جنگوں سے کیوں خبردار کیا؟

جمعرات 23 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترک صدر رجب طیب اردوان نے خبردار کیا ہے کہ اگر صیہونی استعماریت اسی طرح جاری رہی تو وہ کوئی لاگ لپٹ رکھے بغیر بتادینا چاہتے ہیں کہ دنیا نئی جنگوں کی منتظر دِکھائی دے رہی ہے۔

استنبول میں منعقدہ 7ویں بین الاقوامی بھلائی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھاکہ تمام تر دھونس دھاندلی اور لاابالی پن کے ساتھ جب تک مغرب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی حمایت پر ڈٹا رہے گا اس وقت تک فلسطین میں جاری قتل عام پر قابو پانا ناممکن ہوگا۔

’ہمارے فلسطینی بھائی بہن 76 سال سے ایک دن اپنے گھروں اور اپنے وطن کی طرف واپس لوٹنے کا خواب خواب دیکھ رہے ہیں، اس حوالے سے ہم پر کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، ہم اس ضمن میں کوئی لاپرواہی کے متحمل نہیں ہوسکتے، انہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔‘

صدر اردوان کا کہنا تھا کہ جنگ سے دوچار غزہ اسرائیل کی جانب سے کنکریٹ محاصرے کے باعث پہلے ہی ایک کُھلی جیل کی صورت اختیار کرچکا ہے، جہاں گزشتہ 229 دنوں میں اس کُھلی جیل کو بچوں کے قبرستان میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

اپنے روایتی گمبھیر لہجے میں خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے واضح کیا کہ کوئی بھی مسلمانوں کی فہم وفراست کے ساتھ مذاق کرنے کی کوشش نہ کرے، غزّہ میں خون کی ندیاں بہانے میں جتنا ہاتھ قابضں اسرائیلیوں کا ہے اتنا ہی انہیں لاجسٹک اور عسکری امداد فراہم کرنے والوں کا بھی ہے۔

’میں سمجھتا ہوں کہ اگر فلسطین میں صیہونی استعماریت اسی طرح جاری رہی تو میں کوئی لاگ لپٹ رکھے بغیر بتائے دیتا ہوں کہ دنیا کو نئی جنگوں کے لئے تیار رہنا چاہیے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp