بلوچستان میں صرف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں ہورہی ہیں، صوبائی وزیر داخلہ

جمعہ 24 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ لوگ آپریشن کو ایسا تصور کرتے ہیں جیسے حکومت اپنے عوام پر کوئی ظلم کر رہی ہے حالاں کہ اس کارروائی کا ہدف وہ دہشت گرد ہوتے ہیں جو عوام کو چین سے جینے نہیں دیتے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ دہشت گرد پنجاب سے آنے والے مزدوروں کو بھی نشانہ بناتے ہیں لہٰذا ایسے عناصر کے خلاف حکومت آپریشن نہ کرے تو پھر کیا کرے۔

ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ فی الحال دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبے میں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا لیکن مختلف اقسام کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ضرور کیے جاتے رہتے ہیں کیوں کہ حکومت نے تہیہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کو کسی صورت نہ بخشا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن اسے کہا جاتا ہے جیسا خیبر پختونخوا میں کیا گیا تھا کہ لوگوں کو گھروں سے نکال نکال کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی تھیں لیکن بلوچستان میں ایسا کوئی آپریشن جاری نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور ہماری زندگی اور معیشت ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ 2،3 دہائیوں سے افغان سرزمین پر ہمارے دشمنوں کا اثرورسوخ بڑھ چکا ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ افغانستان سے ہمارا مسئلہ صرف یہ ہے کہ دشمن ملک افغان سرزمین کو ہمارے خلاف استعمال کررہا ہے۔

ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ صوبے میں بڑھتی دہشت گردی صرف حکومت کی نہیں بلکہ عوام کی بھی ناکامی ہے جب تک عوام اور حکومت اس ناسور کے خلاف ایک پیج پر نہیں ہوں گے اور ان عناصر کی حوصلہ شکنی نہیں کریں گے تب تک اس کا سامنا کرنا پڑتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بحثیت قوم ہم دوہرے معیار کے لوگ ہیں جب شر پسند عناصر عوام کو نشانہ بناتے ہیں تب وہ انہیں برا کہتے ہیں اور جب ہم ان عناصر کے خلاف ایکشن لیتے ہیں تو ہم پر تنقید کی جاتی ہے لہٰذا عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ دہشت گردی کا ساتھ دیں گے یا پاکستان کا کیوں کہ عوام کے ساتھ اور حمایت کے بغیر دہشت گردی سے جنگ جیتنا ناممکن ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ میری نظر میں سب سے زیادہ قیمتی چیز انسانی جان ہے لہٰذا جو بھی جس جگہ انسانی جان کو نقصان پہنچائے گا وہاں ایکشن لیا جائے گا۔

صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمے داری ہے اور اگر اس معاملے میں کوئی غفلت برتے گا تو اسے بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp