اسلام آباد: پی ٹی آئی کا مرکزی دفتر ایک بار پھر سیل

جمعہ 24 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی دفتر پر ایک بار پھر چھاپہ مارکر اسے سیل کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر G-8/4 میں واقع پارٹی کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مارا گیا اور اسے سیل کردیا گیا۔

دوسری جانب سی ڈی اے کے ترجمان نے وضاحت جاری کی ہے کہ سیکٹر G-8/4 میں ایک سیاسی جماعت (پی ٹی آئی) کی طرف ایک پلاٹ پر قائم کی گئی تجاوزات اور غیرقا نونی تعمیرات کو ختم کیا جا رہا ہے۔

سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹ سرتاج علی نامی شخص کے نام الاٹ ہے جہاں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا گیا۔

مذکورہ پلاٹ سے ملحقہ اراضی پر قبضہ کر کے بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم کی گئیں اور ایک اضافی منزل بھی تعمیر کی گئی تھی۔

حکام نے کہا کہ پلاٹ مالک کی طرف سے متعدد دیگر خلاف ورزیاں کی گئی ہیں جسے متعدد بار خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ نوٹسسز بھی جاری کیے جا چکے تھے۔ اس ضمن میں ایک نو ٹس 19نومبر 2020، ایک 22 فروری 2021 اور ایک اور 14 جون 2022 کو جاری کیا گیا جبکہ4  ستمبر 2023 کو خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے اور خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے 10 مئی 2024 کو اس پلاٹ کو سر بمہر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد کرنے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن عمل میں لایا گیا ہے۔

سی ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے مہم بلا تفریق شہر بھر میں  جاری رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp