خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا اجلاس آج ہوگا، وفاق سے ناراض علی امین گنڈا پور بھی شریک ہوں گے

ہفتہ 25 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف کے زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا 10واں اجلاس آج دن ایک بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔ اس حوالے سے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیراطلاعات عطاء تارڑ، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال، وزارت تجارت جام کمال خان، وزیر قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ اور وزیر آبی وسائل کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

ڈپٹی وزیراعظم اسحق ڈار بھی ایس آئی ایف سی اجلاس میں شرکت کریں گے، جب کہ چاروں چیف سیکریٹریز کو بھی اجلاس میں طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے گزشتہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، معاشی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا تاہم ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کے کو مدعو کیا گیا ہے اور وہ صوبے کے مفاد میں اجلاس میں شریک ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp