گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بولنا پی ٹی آئی ایم پی اے فضل الٰہی کو مہنگا پڑگیا

ہفتہ 25 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے گرڈ اسٹیشن پر ہجوم کو لے کر داخل ہونے اور زبردستی بجلی آن کرنے پر پی ٹی آئی ایم پی اے فضل الٰہی کے خلاف ایف آئی آر کے لیے پولیس کو مراسلہ تحریر کیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ زبردستی ہائی لائن فیڈرز پر بجلی آن کی گئی اور 3 گھنٹے تک مسلسل بجلی بحال رہی جس سے 70 ہزار یونٹ صرف ہوئے۔

پیسکو کے مطابق پی ٹی آئی ایم پی اے کے اس اقدام سے 36 لاکھ روپے کا نقصان ہوا اور وہی اس کے ذمہ دار ہیں لہٰذا کار سرکار میں مداخلت پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ایم پی اے فضل الٰہی تقریباً 400 سے 500 افراد کو لے کر پشاور میں رحمٰن بابا گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوگئے تھے۔

مظاہرین کا موقف تھا کہ اگر لوڈشیڈنگ کو بند نہ کیا گیا تو ہم گرڈ اسٹیشن کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیں گے۔

تاہم بعد ازاں پیسکو حکام اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے اور ہزار خوانی سمیت دیگر علاقوں کی بجلی بحال کردی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp