مسلم لیگ ن کے ساتھ حکومت میں شمولیت پر بات چیت جاری ہے، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی

اتوار 26 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین سینیٹ و قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ حکومت میں شمولیت پر بات چیت جاری ہے، انہوں نے پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ سیاسی معاملات پر بات کرنے کے لیے ہم  حاضر ہیں، پی ٹی آئی نے فیصلہ کرنا ہے کہ کس کے ساتھ مذاکرات کرنے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر فیصلے کرنے چاہئیں، نیشنل سیکیورٹی میٹنگز میں پیپلز پارٹی ہمیشہ بیٹھتی رہی ہے، اس وقت بھی بیٹھتی رہی ہے جب عمران خان کی حکومت تھی، ان میٹنگز میں عمران خان خود نہیں بیٹھتے تھے، لیکن ہم بیٹھتے تھے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، سیاسی عدم استحکام، معاشی عدم استحکام کا جواز بنتا ہے، میں پی ٹی آئی کے معاملات کا ترجمان نہیں ہوں،ہر چیز ووٹ سے مشروط ہے ،بجٹ عوام دوست، کسان دوست نوجوان دوست ہونا چاہے، پی ٹی آئی نے فیصلہ کرنا ہے کہ کس کے ساتھ مذاکرات کرنے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب ان کی جماعت پیپلز پارٹی کی حکومت تھی تو انہوں نے گندم کی اسپورٹ پرائس بڑھائی تھی، ان کی حکومت  نے گندم بین الاقوامی قیمت پر کسانوں کو دی تھی، اس وقت 2 سیلاب آئے تھے، اس کے باوجود پیپلز پارٹی کی حکومت نے بہترین کارکردگی دیکھائی، ہماری کپاس، چینی، گندم اور چاول برآمد ہوتے تھے۔

’افغانستان اور سینٹرل ایشیا میں ہماری گندم اسمگل ہوتی تھی، ہم نے گندم کی عالمی منڈی کے مطابق قیمت لگا کر گندم برآمد کی، اس گندم کی اسملنگ بھی رک گئی اور کاشتکاروں کو بھی فائدہ ہوا۔‘

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اب جو مسئلہ درپیش آیا ہے کہ گندم پر مڈل مین فائدہ اٹھا رہا ہے، اس حوالے سے انکوائری جاری ہے، انکوائری رپورٹ جب آئے گی تو میڈیا سے شیئر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پرو کسان اقدامات کے حق میں ہے، پینے کے صاف پانی کا مسئلہ اس وقت ملک کا سنگین مسئلہ بن چکا ہے، عوام تک صاف پانی پہنچانا کسی مشن سے کم نہیں ہے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم  نے کبھی نہیں کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ نہیں ہیں، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ حکومت میں شمولیت کے لیے بات چیت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام اچھے کاموں میں حکومت کو سپورٹ کریں گے، حکومت کی پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپیں گے، جب بجٹ کے خدوخال بنیں گے تو پیپلز پارٹی حکومت کو مشورہ دے گی، جو بھی بجٹ پیش کرے وہ نوجوان اور کسان دوست ہونا چاہیے، کوئی بھی بل یا قانون ایوانوں سے اکثریت سے پاس ہوگا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp