این ڈی ایم اے کی کوششوں سے مارگلہ ہلز پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا

پیر 27 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ ہلز پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے بتایا کہ ہم نے مارگلہ ہلز پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹرز مہیا کرائے۔

ترجمان کے مطابق آگ 4 مختلف مقامات پر لگی ہوئی تھی، زمینی رابطہ نہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ ایوی ایشن اسکوارڈن اور پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے آگ بجھانے ميں معاونت کی۔

ترجمان کے مطابق اندھیرا ہونے تک ہیلی آپریشن جاری رہا جس کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا۔

واضح رہے کہ آج شام کے وقت مارگلہ کی پہاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

سی ڈی اے کے مطابق مارگلہ کے سید پور ولیج رینج میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جسے 75 سے زیادہ فائر فائٹرز بجھانے کی کوششوں میں مصروف رہے تاہم تیز ہوا کے باعث آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جنگلات کو پہنچنے والے نقصانات کا تعین کرکے بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں، وزیراعظم

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مارگلہ پہاڑیوں پر لگی آگ پر بروقت قابو پانے پر تمام متعلقہ اداروں و افسران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ آگ سے جنگلات کو پہنچنے والے نقصان کا تعین کر کے اس کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں، آگ میں زخمی ہونے والی جنگلی حیات کو ویٹرنری ڈاکٹرز ہرممکن طبی امداد فراہم کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp