یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور پاکستان کی سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ علماء کرام نے پاکستان کی سر بُلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔
مزید پڑھیں
ملک بھر میں آج یومِ تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، اس حوالے سے علماء کرام کا کہنا تھا کہ 28مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، آج پاکستان 1998 کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے۔ آج پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔
یوم تکبیر، ناقابل تسخیر دفاع
قوموں کی زندگی میں ایسا وقت بھی آتا ہے جب ایک بروقت فیصلہ ان کی تقدیر ہی بدل دیتا ہے، ایسا ہی ایک لمحہ پاکستان کی تاریخ میں بھی رونما ہوا ہے۔
11 مئی 1998 کو جب بھارت نے خطے کا امن برباد کرنے اور پاکستان پر سبقت حاصل کرنے کے لیے ایٹمی دھماکے کیے تو خطے میں طاقت کا توازن بگڑ گیا۔
بھارت کے جارحانہ عزائم کے جواب میں پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی میں 6 ایٹمی دھماکے کرکے امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
پہاڑوں کے بدلتے رنگ اور اٹھتی دھول نے گواہی دی کہ پاکستان اب ایٹمی طاقت بن چکا ہے ۔
پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا
یہ دن پاک سر زمین کے سینے پر لگنے والا ایک ایسا طمغہ ہے جو پاکستان کو دنیا میں ممتاز کرتا ہے، دنیا کی بڑی طاقتوں کی مخالفت کے سامنے پاک فوج ، سیاسی لیڈر شپ اور عوام سب ساتھ کھڑے ہوئے اور 28 مئی 1998 کو ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔
پاکستان کے دفاع کے لیے آج بھی پاکستان کی مسلح افواج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی دشمن کے ہر وار کا مقابلہ کر رہی ہیں۔