اسلام آباد سیف سٹی اتھارٹی کا سسٹم ہیک اور حساس نوعیت کا ڈیٹا چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
میڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ جمعرات کو ہیکرز کے حملے کے بعد اسلام آباد سیف سٹی اتھارٹی کا سسٹم آف لائن کر دیا گیا تھا۔ حکام کو ہیکرز کے حملے کا 2 دن پہلے پتا چلا جس کے بعد سیف سٹی اتھارٹی نے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر کریمینل مینجمنٹ ریکارڈ، ہیومن ریسورسز مینیجمنٹ سسٹم اور دیگر آپریشنل سوفٹ ویئرز کی نگرانی کرنے والے سرورز کو فوری طور پر بند کردیا تھا۔
ہیکنگ کا علم ہونے کے بعد اتھارٹی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے سوفٹ ویئر اور ایپلی کیشنز کے تمام لاگ انز کو غیرفعال کردیا۔ ایک متعلقہ افسر نے بتایا کہ ہیکنگ کا یہ واقعہ معمولی نہیں تھا بلکہ یہ متعلقہ حکام کی جانب سے لگائے جانے والے کمزور پاسورڈز کے باعث پیش آیا جنہیں ہیکرز نے باآسانی چوری کرلیا تھا۔ متبادل سرورز نہ ہونے سے سسٹم کو چالو رکھنا ناممکن تھا۔
علاوہ ازیں، سیف سٹی اتھارٹی کا سسٹم پرانا ہوچکا ہے اور اس کے لائسنس کی میعاد بھی ختم ہوچکی ہے، سسٹم ڈاون ہونے سے آن لائن تمام سہولیات متاثر ہوئیں جن میں موبائل ایپلی کیشنز، اسمارٹ پولیس وہیکلز کا ریکارڈ، تھانوں کا ڈیٹا، ویڈیو ایناؒلیٹکس، اسلام آباد ٹریفک پولیس کے آپریشنز، ای چالان کا ڈیٹا اور کریمینل ریکارڈ ہینڈل کیا جاتا ہے۔
اسلام آباد کے تھانوں میں عارضی طور پر آن لائن کام روک دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس ذرائع کا حوالہ دے کر کہا گیا ہے کہ سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے کام جاری ہے، سسٹم بحال ہونے میں 2 دن لگ سکتے ہیں۔