ایک ہزار فلسطینی خادم الحرمین کی میزبانی میں فریضہ حج ادا کرینگے

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایت پر اس سال ایک ہزار فلسطینی شہریوں کو سرکاری سطح پر حج کروایا جائے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے رواں سال 88 ممالک کے 2 ہزار 300 مسلمانوں کی سرکاری سطح پرحج کی میزبانی کی ہدایت کی ہے، ان میں 1 ہزار فلسطینی شہری بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ 22 ایسے مسلمانوں کی سعودی عرب کی میزبانی میں حج کی تیاریوں کی ہدایت کی گئی ہے جن کے جڑواں بچوں کے آپریشن مملکت کے اسپتالوں میں ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں سرکاری حج اسکیم کے تحت  ہر سال مختلف ممالک کے سینکڑوں مسلمانوں کے حج کا انتظام کیا جاتا ہے، اس پروگرام کو سعودی وزارت مذہبی امور اور دعوت ارشاد سرانجام دیتی ہے۔

سعودی عرب کے مذہبی امور اور دعوت و ارشاد کے وزیر اور حج پروگرام کے جنرل سپروائزر الشیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ سعودی قیادت کی طرف سے 2 ہزار 300 مسلمانوں کے حج کی سرکاری سطح پر میزبانی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعوی اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دنیا بھر کے مسلمانوں کے مفادات کی دیکھ بھال کے لیے ان کے مستقل فکر کی عکاسی کرتی ہیں۔

’خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی یہ کوشش مختلف خطوں کے مسلمانوں کے ساتھ محبت، اسلامی اتحاد اور بھائی چارے کے بندھن کو گہرا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ میزبانی اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں قیادت کی طرف سے کی گئی عظیم خدمات اور مسلمانوں کے مقدس ترین مقام بیت اللہ شریف کی میزبانی کے حوالے سے اسلامی دنیا میں مملکت کے اس اہم مقام کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp