خاور مانیکا پر پی ٹی آئی وکلا کا تشدد، تھپڑ، لاتیں اور بوتلیں برسا دیں

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی عدالت میں آمد پر پی ٹی آئی وکلا نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، عدالتی احاطے میں موجود پی ٹی آئی کے وکلا نے ان پر تشدد کیا اور تھپڑ، لاتیں اور بوتلیں برسا دیں۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عدت میں نکاح کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا عدالت میں پیش ہونے کے لیے آئے اور عدالتی احاطے میں پی ٹی آئی وکلا کے ہتھے چڑھ گئے، خاور مانیکا پر وکیل کے تشدد کے بعد ان کے ساتھ موجود وکلا نے انہیں بچایا اور عدالت میں لے گئے۔

عدالت میں جج کے چیمبر میں جانے کے بعد بھی پی ٹی آئی وکلا نے کمرہ عدالت میں  خاور مانیکا کو بوتلیں ماریں۔

یاد رہے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج شاہ رخ ارجمند نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے جو آج سنایا جانا ہے۔

عدالت پہنچتے ہی خاور مانیکا نے عدالت سے گزارش کی کہ مجھے بولنے کے لیے دس منٹ چاہیے ہیں، میں بتانا چاہتا ہوں کہ کس دکھ سے گزر رہا ہوں، جس پر جج شاہ رخ ارجمند بولے کہ اپنے وکیل سے کہیں کہ آپ کی بات بتائیں۔

خاور مانیکا نے کہا کہ میرے احساسات میرا وکیل نہیں بتا سکتا، مجھے معلوم ہے کیا فیصلہ ہونا ہے، وکیل پی ٹی آئی بولے کہ خاورمانیکا کوتوہین عدالت کا نوٹس جاری کریں، جس پر خاور مانیکا نے کہا کہ میں تم سے بات نہیں کررہا، عدالت سے کررہا ہوں، نعیم پنجوتھا نے کہا کہ خاورمانیکا صرف عدالتی کارروائی میں تاخیرچاہتا ہے۔ جس کے بعد کمرہ عدالت میں پی ٹی آئی وکلا اورخاورمانیکا کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی۔

خاور مانیکا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کوسابق وزیراعظم کی وجہ سے کہہ رہے کہ نرمی رکھیں، میں غریب آدمی ہوں، میری سن لیں، خاورمانیکا کے جملے پرپی ٹی آئی کارکنان نے نعرے بازی شروع کردی۔

خاور مانیکا نے کہا کہ میرے پاس جہانگیرترین کے پیغامات ہیں کہ اب سب ختم ہوچکا ہے، میں سب پیغامات عدالت میں دکھا سکتا ہوں، قسم کھاتا ہوں بچوں کوپہلے نکاح کا معلوم نہیں تھا۔ مجھے کیا معلوم تھا بانی پی ٹی آئی عمران خان نے میری اہلیہ کے ساتھ چھپ کرنکاح کیا ہوا تھا۔

’مجھے دھوکا دیا گیا، اللہ کے بندے بانی پی ٹی آئی جیسے ہوتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو قرآن اٹھانے کی عادت ہے، جس پر پی ٹی آئی وکلا غصے میں آگئے اور گالیاں دیں۔ خاور مانیکا نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ تمیزمیں رہو، تم خود ہوگے۔

’مجھے گالیاں دی گئیں،عثمان گِل مجھے کہہ رہے تھے کہ عدالت سے اٹھا کرباہرپھینک دوںگا‘۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ جب بچوں کو بتایاکہ مجھے طلاق ہوگئی تو بچے بہت روئے، خاورمانیکا کمرہ عدالت میں آبدیدہ ہوگئے اور بولے کہ میری ماں دکھ سے وفات پا گئیں، اللہ و رسول کے نام پر بانی پی ٹی آئی نے دھوکا دیا۔

خاور مانیکا نے کہا کہ 4سال تک کسی نے نہیں پوچھا آپ کا مسئلہ تو نہیں ہوا، سب نے کاموں کے لیے مجھ سے رابطہ کیا، پرویز الٰہی اپنے بچے کے کام کے لیے میرے پاس آیا، میری بیٹی کوطلاق ہوگئی ہے، گھرسے فارغ ہوکربیٹھی ہے، بشریٰ بی بی کہتی میرے لیے میرے بچے مرگئے ہیں۔

خاورمانیکا کی بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں ہاتھ اٹھا کر بددعائیں دینا شروع کردیں، معاون وکیل نے کہا کہ ہمارا کیس کسی اورعدالت میں ٹرانسفرکردیں۔

سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ عدم اعتماد کی درخواست پہلے بھی خارج ہوچکی ہے، جوبتانا ہے اپنے وکیل کو بتا دیں۔ خاور مانیکا نے کہا کہ میں آپ سے فیصلہ نہیں کروانا چاہتا، جس پر سیشن جج شاہ رخ ارجمند بولے کہ اس کی وجہ کیا ہے؟ ایک بات چیت ہوتی، کچھ ٹھوس وجہ ہے توبتائیں۔

خاور مانیکا نے کہا کہ کچھ خاص وجہ نہیں ہے اس سے پہلے بھی عدالتوں میں یہی ہوتا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی سوشل میڈیا پرلوگوں کے ذہنوں سے کھیل رہے ہیں۔ جج بیٹھے ہوئے ہیں اور پی ٹی آئی والے ناچ رہے ہیں، خاورمانیکا نے کمرہ عدالت میں کارکنان کی نقل کی، جس پرعدالت میں قہقہے لگ گئے۔

سیشن جج شاہ رخ ارجمند بولے کہ کسی نہ کسی جج نے تو فیصلہ کرنا ہے نا، رضوان عباسی سے مشاورت کرکے بتا دیں آپ چاہتے کیا ہیں۔

وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ خاورمانیکا نے جزباتی بیانات دیے، کچھ لیگل دلائل نہیں دیے، خاور مانیکا نے عثمان گل کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کرے تمہارے گھر کے ساتھ ایسا ہی ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp