سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی اور دیگر کیخلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن اور رشوت وصول کرنے سے متعلق ریفرنس کی سماعت 9 جون تک ملتوی کردی گئی ہے، پرویز الہی طبی وجوہات کی بناء پر عدالت پیش نہ ہوسکے۔
مزید پڑھیں
پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف نیب ریفرنس پر مزید سماعت احتساب عدالت لاہور کے جج زبیر شہزاد کیانی نے 9 جون تک ملتوی کردی ہے، پرویز الہی کے وکلا نے ان کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ استدعا کی۔
احتساب عدالت نے پرویز الہی کی عدالت حاضری سے ایک روز استثنیٰ کی استدعا منظورکرلی، واضح رہے کہ پرویز الہی اور محمد خان بھٹی کی جانب سے نیب انکوائری رپورٹ کی نقول کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔
نیب ریفرنس میں پرویز الہی اور مونس الہی سمیت 14 ملزمان نامزد ہیں، احتساب عدالت شریک ملزم مونس الہی کو پہلے ہی اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے اثاثہ جات منجمد کرنے کا حکم دے چکی ہے۔
نیب لاہور نے پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے، جس کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا اور اپنے بیٹے مونس الہی سمیت دیگر کے ہمراہ قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔