دارالحکومت اسلام آباد کی سڑکیں تیز رفتار ٹریفک کے لیے مشہور ہیں انہیں سڑکوں پر اگر آپ کی گاڑی یا موٹرسائیکل خراب ہوجائے تو سفر کا تجربہ اچھا خاصا ناخوشگوار ہوجاتا ہے، اس صورتحال میں سب سے مشکل مرحلہ مکینک کی تلاش اور دستیابی کا درپیش ہوتا ہے۔
اس عوامی مسئلہ کو مد نظر رکھتے ہوئے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے گاڑی یا موٹرسائیکل کے خراب ہونے والے موٹرسائیکل سواروں کی مدد کے لیے ایک نئی سروس ’مکینک آن وہیلز‘ کا آغاز کیا ہے، جسے انسپکٹر جنرل آف پولیس سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کو شہریوں کی سہولت کے لیے اہم اقدام
وفاقی دارالحکومت میں دوران سفر گاڑی و موٹر سائیکل کے خراب ہونے پر شہریوں کی مدد کے لیے آئی ٹی پی "مکینک آن ویلز" سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے، شہری ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن"1915" پر کال کرکے پولیس کی سروسز حاصل کر سکتے… pic.twitter.com/dd6zAZoXvy
— Islamabad Police (@ICT_Police) May 29, 2024
‘میکینک آن وہیلز’ سروس چوبیس گھنٹے دستیاب ہے، اگر آپ کی گاڑی خراب ہوجاتی ہے، تو آپ مدد کے لیے 1915 پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر کال کر سکتے ہیں، درپیش مسئلہ کے حل کرنے میں مدد کے لیے ایک مکینک آپ کے مطلوبہ مقام پر بھیجا جائے گا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ترجمان نے کہا کہ اس سروس کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں ہر ایک کے لیے سفر کو آسان اور محفوظ بنانا ہے۔’اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کی مدد اور سفر کو آسان بنانے کے لیے سخت محنت کررہا ہے اور’میکینک آن وہیلز’ سروس کا مقصد گاڑیوں کے خراب ہونے پر لوگوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنا ہے۔‘
پولیس ترجمان کے مطابق فوری مکینیکل مدد فراہم کر تے ہوئے، اسلام آباد ٹریفک پولیس تاخیر کو روکنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی امید کرتا ہے کہ خراب گاڑیاں جلد از جلد سڑک پر دوبارہ ڈرائیونگ کے قابل ہوسکیں۔
اسلام آباد کے شہریوں نے سڑکوں کے کنارے اس نوعیت کی بہتر مکینیکل امداد فراہم کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ’مکینک آن وہیلز‘ کی اس نئی سروس کا خیر مقدم کیا ہے۔