مجھے جیل بھیجنے کے اصل ذمے دار جنرل باجوہ ہیں، عمران خان کا غیرملکی براڈکاسٹر کو جیل سے انٹرویو

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم  اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سول اور فوجی قیادت پر تنقید کے باعث انہیں جیل میں ’ڈیتھ سیل‘ میں قید کیا گیا ہے۔

ایک میڈیا ادارے ’زیٹیو‘ کے لیے صحافی مہدی حسن کی جانب سے عمران خان کے کیے گئے انٹرویو میں بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام نے نفسیاتی حربے استعمال کرتے ہوئے انہیں توڑنے کے لیے قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے۔

عمران خان نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ موجودہ شہباز شریف حکومت میں قانونیت کا فقدان ہے۔

برطانوی و امریکی بروڈکاسٹر مہدی حسن نے اپنی تحریر میں واضح کیا کہ یہ کوئی عام انٹرویو نہیں تھا کیوں کہ عمران خان کی قید کی وجہ سے انہوں نے جواب کے لیے صرف تحریری سوالات کی فہرست بھیجی تھی اور ان کی بانی پی ٹی آئی سے براہ راست بات نہیں ہوسکی اس لیے ان کے کسی جواب پر وہ مزید کوئی سوال کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔

اپنی بیرک کے بارے میں عمران خان کیا کہتے ہیں؟

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک ایسی قید میں ہیں جسے ’ڈیتھ سیل‘ کہا جاتا ہے- انہوں نے وضاحت کی کہ ’یہ ایک چھوٹی سی الگ تھلگ جگہ ہے جو عام طور پر دہشت گردوں کے لیے مخصوص ہوتی ہے‘۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’مجھے قیدیوں کے بنیادی حقوق سے بھی محروم رکھا گیا ہے کیوں کہ وہ میری روح کو توڑنے کے لیے نفسیاتی حربے استعمال کر رہے ہیں لیکن میرا اللہ پر یقین کامل وہ وجہ ہے جس نے مجھے مضبوط رکھا ہوا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ’میں ورزش اور مطالعے کے ذریعے خود کو مصروف اور ذہنی طور پر تیز رکھتا ہوں اور اللہ کی طاقت مجھے مضبوط اور مطمئن رکھتی ہے۔

’مجھے جیل بھیجنے کے اصل ذمے دار جنرل باجوہ ہیں‘

جب عمران خان سے پوچھا گیا کہ انہیں قید میں ڈالنے کے ذمے دار ان کے سیاسی حریف ہیں یا پاکستانی فوج یا پھر اس میں امریکا کا ہاتھ ہے تو انہوں نے کہا کہ 11 ماہ جیل میں اپنے حالات پر غورخوض کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچ گئے ہیں کہ ان کی موجودہ حالت کا اصل ذمے دار کون ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جس بھی آزمائش سے گزر رہے ہیں اس کے ماسٹر مائنڈ سابق آرمی چیف جنرل جاوید قمر باجوہ ہیں جنہوں نے یہ سب پلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میں جنرل باجوہ کے علاوہ کسی اور کو ذمہ دار نہیں ٹھہراتا۔

’سارا منصوبہ جنرل باجوہ کا ہے جسے باریک بینی سے بنایا اور عمل درآمد کروایا گیا‘

جنرل باجوہ کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’باجوہ نے یہ منصوبہ نہایت باریک بینی سے بنایا اور اس پر عمل درآمد کروایا‘۔

عمران خان نے الزام عائد کیا کہ جنرل باجوہ نے قومی اور بین الاقوامی افراتفری پھیلانے کے لیے جھوٹی داستانیں گھڑیں اور اس سب کا مقصد یہ تھا کہ انہیں ان کی مدت ملازمت میں توسیع مل سکے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جنرل باجوہ یہ بات سمجھنے سے قاصر رہے کہ ان کے ان اقدامات کا جمہوریت اور پاکستان پر کتنا برا اثر پڑے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp