جنوب ایشیائی ممالک خصوصاً پاکستان، انڈیا، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں کرکٹ کو مقبول ترین کھیل کا درجہ حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان ملکوں میں قومی کرکٹ کھیلنے والے معروف کھلاڑیوں کو بہترین معاوضہ ادا کیا جاتا ہے۔ شہرت اور دولت حاصل کرنے کے بعد یہ پلیئرز اپنے باقی خواب بھی باآسانی پورا کرلیتے ہیں۔ ان میں سے بعض کھانے پینے کے شوقین کھلاڑی تو اپنے ریسٹورنٹس ہی کھول لیتے ہیں اور کاروبار کے ساتھ ساتھ اپنی فیملیز اور فرینڈز کے ساتھ مزیدار کھانوں کا شوق بھی پورا کرلیتے ہیں۔
مزید پڑھیں
ایک وقت تھا جب بھارتی کرکٹرز سچن ٹنڈولکر، سارو گنگولی اور وریندر سہواگ نے پیسہ کمانے کے لیے ریسٹورنٹس کے کاروبار کا آغاز کیا تھا۔ تاہم ان کے ریسٹورنٹس ناکامی سے دوچار ہونے کے بعد قصہ پارینہ ہوچکے ہیں۔ حالیہ برسوں میں، ان ممالک کے بعض سابقہ کرکٹرز نے نئے آئیڈیاز اور اسٹائلش ناموں کے ساتھ اپنے ریسٹورنٹس کھولے جو کھانے پینے کا شوق رکھنے والے کرکٹ شائقین کی بدولت خوب کمائی کررہے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ ریسٹورنٹ بزنس کرنے والے ٹاپ 10 کرکٹرز کون ہیں۔
Shakib’s 75
بنگلہ دیش کے کرکٹر شکیب الحسن کو ملک کا کامیاب ترین کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے۔ 17 سال کرکٹ کو دینے کے بعد انہیں لوگوں کی خاصی سپورٹ حاصل ہوچکی تھی۔ یہی سوچ کر 2015 میں انہوں نے کرکٹ تھیم کے ساتھ ڈھاکہ میں ’Shakib’s 75‘ کے نام سے ایک اسپورٹس لاؤنج کا آغاز کیا۔ ان کے اس ریسٹورنٹ کا ڈیکور ان کی اہلیہ ام احمد شیشیر نے کیا۔ اس ریسٹورنٹ کی لکڑی سے بنی دیواروں پر کرکٹ اسٹیڈیمز کے نہایت خوبصورت ڈیزائنز لگائے گئے ہیں۔ اس ریسٹورنٹ کا مینیو شکیب الحسن نے ہی تجویز کیا ہے۔
The Rice Bowl
پاکستان کے مایہ ناز بلے باز شعیب ملک 1999 سے ملک کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے خوب شہرت اور پیشہ کمایا۔ جنوری 2022 میں انہوں نے اپنے کاروبار کا آغاز کیا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے لاہور کے پوش علاقے میں ’The Rice Bowl‘ کے نام سے ریسٹورنٹ شروع کیا۔ ان کے ریسٹورنٹ کی افتتاحی تقریب میں لیجنڈ کرکٹر انضمام الحق، کامران اکمل، وقار یونس، وہاب ریاض، بابر اعظم اور حسن علی بھی شریک ہوئے تھے۔ اس تقریب میں معروف گلوکار عاطف اسلم نے سرپرائز وزٹ کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔ بعد ازاں شعیب ملک نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
Ministry of Crab
کمارا سنگا کارا اور مہیلا جے وردھنے کا شمار سرلی لنکا کے لیجنڈ کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ یہ اپنے وقت کے دنیا کے بہترین کھلاڑی تھی جن کا سامنا کرتے ہوئے بڑے بڑے بولرز بھی خوف کھاتے تھے۔ 2015 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کی ناکامی کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ تاہم ان دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ریٹائرمنٹ سے بہت پہلے یعنی 2011 میں معروف سری لنکن شیف دھرشن منیداسا کے ساتھ مل کر ’Ministry of Crab‘ کے نام سے کولمبو میں اپنا ریسٹورنٹ شروع کردیا تھا۔ اس ریسٹورنٹ کا مقصد سری لنکا کے ’سی فوڈ‘ کو فروغ دینا تھا۔ ان کا ریسٹورنٹ اس قدر کامیاب ہوا کہ 2019 میں انہوں نے اپنے ریسٹورنٹ کی ایک برانچ بھارت کے شہر ممبئی میں بھی کھول لی۔
Elevens
کپل دیو کو انڈیا کرکٹ کا گرو مانا جاتا ہے۔ یہ کپل دیو ہی تھے جن کی بدولت بھارتی کرکٹ ٹیم ابھر کر دنیا کے سامنے آئی۔ انہی کی قیادت میں انڈیا نے 1983 میں پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ جیتا۔ کپل دیو نے 1994 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی اور ایک کوچ اور کمنٹیٹر کے طور پر اپنے نئے کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ آج کل ایک بھارتی نیوز چینل کے ساتھ بطور کرکٹ ایکسپرٹ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے 2008 میں پٹنہ میں کرکٹ تھیم کے ساتھ اور ’Elevens‘ کے نام سے ایک ریسٹورنٹ کھولا تھا۔ یہ ریسٹورنٹ کرکٹ لورز کے علاوہ ان لوگوں کا بھی فیورٹ ہے جنہیں انڈین، پین ایشین اور کونٹینینٹل کھانے پسند ہیں۔ پٹنہ میں اسے فیملی تقریبات کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔
The Sports Lounge
سابق انڈین کرکٹر ظہیر خان 2005 سے ہاسپیٹیلیٹی بزنس میں ہیں۔ انہوں نے پونے میں ’Dine Fine‘ کے نام سے ریسٹورنٹ کا آغاز کیا تھا جس میں کسٹمرز کے لیے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سروسز بھی فراہم کی گئیں۔ 2013 میں ظہیر خان نے پونے میں ’Toss Sports Lounge‘ کا آغاز کیا۔ یہ ریسٹورنٹ اپنے تندوری، کونٹینیٹل اور اورئینٹل کھانوں کی بدولت کافی مشہور ہے اور کرکٹ کے بڑے ایونٹس کے دوران لوگوں کا اولین انتخاب بنتا ہے۔
Raina Indian Restaurant
بھارتی کرکٹر سریش رائنا 2005 سے 2018 تک انڈین کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے۔ اپنے کیرئر کے دوران انہوں نے شاندار کرکٹ کھیلی اور خوب دولت اور شہرت سمیٹی۔ انہوں نے 2020 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی اور T20 لیگز میں کمنٹیٹر کے طور پر فرائض سرانجام دینے لگے۔ 2023 میں انہوں نے نیدر لینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں ’Raina Indian Restaurant‘ کھول کر اپنی زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج ان کا اپنا ریسٹورنٹ کھولنے کا خواب پورا ہوگیا ہے۔ ان کے اس ریسٹورنٹ میں کسٹمرز کو انڈین ڈشز جیسا کہ ہاٹ سموسہ، دہی بھلے، پانی پوری، سوپ، جیرا رائس اور ویجیٹیبل بریانی پیش کی جاتی ہے۔
The Flying Catch
انڈین اوپنر شیکھر دھون نے اپنی دھواں دار اور جارحانہ بلے بازی کی بدولت کرکٹ کی دنیا میں اپنا نام اور مقام بنایا۔ اپنے 13 سالہ کیریئر میں انہوں نے اپنی ٹیم کو کئی میچز جتوائے۔ وہ ان دنوں اپنی خراب پرفارمنس کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔ 2023 میں شیکھر دھون نے دبئی میں ایک اسپورٹس کیفے کھولا۔ کرکٹ میچز میں اپنے بہترین کیچز سے متاثر ہوکر انہوں نے اپنے ریسٹورنٹ کو ’The Flying Catch‘ کا نام دیا۔ ان کے اس ریسٹورنٹ کا مقصد صحت بخش کھانے آفر کرکے صحت مند لائف اسٹائل رکھنے والے کسٹمرز کی توجہ حاصل کرنا تھی۔ ان کے اس ریسٹورنٹ میں کسٹمرز کو اچھے کھانوں کے علاوہ ایسا ماحول بھی دیا گیا ہے کہ وہ بیٹھ کر اسپورٹس کے مقابلے بھی دیکھ سکتے ہیں۔
Jaddu’s Food Field
رویندرا جدیجا اپنے کیریئر کے دوران انڈین کرکٹ ٹیم کے ایک اہم آل رائنڈر کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نے 2009 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ تمام فارمیٹس میں 300 سے زیادہ میچز کھیل چکے ہیں۔ تاہم وہ ایک کرکٹر کے علاوہ ایک بزنس مین بھی ہیں جو راجکوٹ میں ایک ریسٹورنٹ کے مالک ہیں۔ کرکٹ میں 3 سال مکمل ہونے کے بعد رویندرا جدیجا نے 2012 میں ’Jaddu’s Food Field‘ کے نام سے ریسٹورنٹ کا آغاز کیا۔ 2017 میں راجکوٹ میونسپل اس ریسٹورنٹ پر چھاپہ مار کر کھانے پینے کی مضر صحت اشیا برآمد کی تھیں۔ تاہم اگلے برس ہی انہوں نے ریسٹورنٹ کو ایک مکمل نیا پن دے کر اس کا دوبارہ آغاز کیا جو اب کامیابی سے بزنس کررہا ہے۔
Shaka Harry
ایم ایس دھونی کرکٹ کے وہ عظیم کھلاڑی ہیں جن کے مداح پوری دنیا میں ہیں۔ 2004 سے 2019 تک اپنے کرکٹ کیریئر میں انہوں نے انڈین کرکٹ ٹیم کے لیے بطور وکٹ کیپر اور بیٹر کئی کامیابیاں سمیٹیں۔ انہوں نے 2020 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی اور اب وہ آئی پی ایل میں چنائی سپر کنگز کے لیے نہایت اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ دسمبر 2022 میں انہوں نے بینگلور میں ’Shaka Harry‘ کے نام سے ایک ریسٹورنٹ کا آغاز کیا جس کا مقصد سبزی خوری کو فروغ دینا تھا۔
One8 Commune
ویرات کوہلی نے اپنے 15 سالہ کرکٹ کیریئر میں کئی اہم ریکارڈز اپنے نام کیے اور بھارت ہی نہیں دنیا بھر کے لیے ایک سیلیبریٹی بن گئے۔ اور اب وہ اپنا بلا گھمانے کے علاوہ کامیابی کے ساتھ ریسٹورنٹ کی چینز بھی چلا رہے ہیں۔ انہوں نے 2022 میں ممبئی میں اپنے پہلے ریسٹورنٹ ’One8 Commune‘ کا آغاز کیا۔ اب اس ریسٹورنٹ کی پونے، دلی اور کولکتہ میں بھی شاخیں ہیں۔ یہ ریسٹورنٹ سبزی خوروں کے لیے ایک بہترین جگہ ہے جہاں وہ اپنی پسند کے کھانے کھا سکتے ہیں۔ تاہم ان کے ریسٹورنٹ میں دنیا بھر کے مختلف اقسام کے کھانے بھی کسٹمرز کے لیے دستیاب ہیں۔