انگلینڈ نے آخری میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی20 سیریز جیت لی

جمعرات 30 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچوں کی ٹی20 سیریز کے چوتھے اور آخری میچ میں میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ انگلینڈ نے پاکستان کا 158 رنزکا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 15.3 اوورز میں ہی مکمل کر لیا۔

انگلینڈ کی طرف سے سب سے عمدہ اننگز فل سالٹ نے کھیلی، انہوں نے 45 رنز اسکور کیے، کپتان جوس بٹلر نے 39 ، ول جیکس نے 20 ، جانی بریسٹوو نے 28 اور ہیری بروکس نے 17 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی طرف سے تینوں کھلاڑیوں کو حارث رؤف نے آوٹ کیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچوں کی ٹی20 سیریز کے چوتھے اور آخری میچ میں میزبان انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جوپاکستان کے لیے قدرے مہنگا ثابت ہوا، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 19.5 اوورز میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 158 رنزکا ہدف دیا۔

پاکستان نے چوتھے اور آخری میچ میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ59  کے مجموعی اسکور پر گری جب بابراعظم 36 بنانے کے بعد جوفرا آرچر کی گیند پر عادل رشید کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف 36 رنز بنا کر ٹی20 کرکٹ فارمیٹ میں اپنے 4000 رنز بھی مکمل کر لیے، انہوں نے یہ سنگ میل 119 میچ کھیل کر مکمل کیا۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 65 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد رضوان23 رنز بنانے کے بعد عادل رشید کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ تیسری وکٹ 83 کے مجموعی اسکور پر گری جب فخر زمان9 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر عادل رشید کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 84 کے مجموعی اسکور پر گری جب شاداب خان صفر پر عادل رشید کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ پانچویں وکٹ 86 کے مجموعی اسکور پر گری جب اعظم خان بھی مارک ووڈ کی گیند پر جوس بٹلر کے ہاتھوں صفر پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی چھٹی وکٹ 126 کے مجموعی اسکور پر گری جب عثمان خان 38 رنز پر لیونگسٹون کی گیند پر جارڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، ساتویں وکٹ بھی 126 کے مجموعی اسکور پر گری جب شاہین شاہ آفریدی کو لیونگسٹون نے صفر پر کلین بولڈ کر دیا۔

 آٹھویں وکٹ 145 کے مجموعی اسکور پر گری جب افتخار احمد21 رنز بنانے کے بعد کرس جارڈن کی گیند پرہری بروک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، نویں وکٹ 149 کے مجموعی اسکور پر گری جب نسیم شاہ 16 رنز بنانے کے بعد مارک ووڈ کی گیند پر جوس بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ، عادل رشید اور لائم لیونگسٹون نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ جوفرا آرچر، کرس جارڈن اور معین علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے سیریز کے چوتھے اور آخری میچ میں گراؤنڈ کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے میزبان ٹیم نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

ٹاس کے بعد انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے کہا کہ موسم سازگار ہے اور وکٹ بھی گراسی ہے اس لیے پہلے فیلڈنگ کریں گے جب کہ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بھی بیٹنگ ہی کرتے۔

چوتھے اور آخری میچ میں پاکستان نے اپنی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کیں جب کہ انگلینڈ کی ٹیم نے ایک تبدیلی کی۔ پاکستان نے اپنی ٹیم میں صائم ایوب اور عماد وسیم کی جگہ عثمان خان اور نسیم شاہ کو شامل کیا ہے۔ جب کہ انگلینڈ نے ریس ٹوپلی کی جگہ مارک وُڈ کو ٹیم میں شامل کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچوں کی سیریز کے 2 میچ بارش کی نذر ہو گئے تھے جب کہ دیگر دونوں میچ جیت کر انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کر لی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp