ٹی20 سیریز میں پاکستان کو انگلینڈ سے شکست: ’اعظم خان بین الاقوامی کرکٹ کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں‘

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ نے چوتھے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

انگلینڈ نے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی20 میچ میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5  اوورز میں 157 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے 158 رنز کا ہدف باآسانی 16ویں اوور 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

قومی ٹیم کی ہار پر پاکستانی شائقین ناراض ہیں اور ٹیم سلیکشن پر سوالات اٹھاتے نظر آئے۔ صارفین کی ایک بڑی تعداد اعظم خان کو تنقید کا نشانہ بناتی نظر آئی جن کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت بُری وکٹ کیپنگ کی۔

ایک صارف نے ویڈیو شیئر کی جس میں حارث رؤف کی گیند پر اعظم خان کو کیچ ڈراپ کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ اعظم خان بین الاقوامی کرکٹ کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پاکستانی ٹیم کی انگلینڈ سے ہار پر طنزاً لکھا کہ شاید اب وقت آگیا ہے کہ برطانوی مظالم کے خلاف چیف جسٹس ایک اور خط لکھیں۔

پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان کو بھی خراب فارم کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ان کے ٹی20 کیریئر میں اب تک کی بدترین کارکردگی ہے۔

اسپورٹس جرنلسٹ فرید خان لکھتے ہیں کہ نہ بولنگ کرسکتے ہیں اور نہ ہی بیٹنگ، شاداب خان اپنے کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں اور بابر اعظم انہیں ابرار احمد اور اسامہ میر پر فوقیت دے رہے ہیں۔

صحافی مبشر لقمان لکھتے ہیں کہ اعظم خان ہمارے ملک میں اقربا پروری کی بہترین مثال ہیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ جو بے شرم لوگ مسلسل انہیں سپورٹ کررہے ہیں ان پر فرد جرم عائد کرکے سزا دی جائے۔ یہ ایک مجرمانہ فعل ہے کوئی معمولی غلطی نہیں۔

اسپورٹس جرنلسٹ عمران صدیقی نے اعظم خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کوئی افتخار احمد کی بھی بات کرے گا جو پاکستان کے لیے 63 ٹی20 کھیل چکے ہیں اور 1000 رنز بھی مکمل نہیں کرسکے یا ایجنڈا صرف اعظم خان کے خلاف ہی ہے؟

ایک صارف نے لکھا کہ اعظم خان کرکٹ کی تاریخ کے بدترین وکٹ کیپر ہیں۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ ہم جیسے مداحوں کے لیے میچ بہت مایوس کن تھا جو بہت بڑی تعداد میں میچ دیکھنے پہنچے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی سلیکشن اچھی نہیں تھی، بلے بازی بہت ہی خراب تھی اور بولرز نے بہت بُری بولنگ کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 اوور کے بعد میچ میں دلچسپی باقی نہیں رہی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف 4 میچوں کی ٹی20 سیریز میں شکست کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مڈل اوورز میں بلے بازوں نے ذمہ داری نہیں دکھائی، ماڈرن کرکٹ سے دوری ہی شکست کی وجہ بنی ہے۔

واضح رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلی گئی، 2 میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے جبکہ 2 میچوں میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp