ٹی20 میں 4ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے 2 بلے باز، کس کا پلڑا بھاری؟

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 کرکٹ میں 4ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے 2 بلے باز بابر اعظم اور ویرات کوہلی ہیں، لیکن دیکھنا یہ ہے کہ 4ہزار کے کلب میں شامل ہونے والے ان دونوں کھلاڑیوں میں سے کس کھلاڑی کا پلڑا بھاری ہے۔

کرک انفو کے جاری کردہ تقابلی جائزہ کے اعداد و شمار کے مطابق ٹی20 کرکٹ میں اب تک صرف 2کھلاڑی ہی 4ہزار رنز مکمل کرسکے ہیں، لیکن ویرات کوہلی بابر اعظم کی نسبت کم اننگز کھیل کر اس کلب میں شامل ہوئے ہیں۔

بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی نے صرف 109 اننگز کھیل کر 4ہزار37 رنز بنائے ہیں جبکہ بابر اعظم نے 112 اننگز کھیلی ہیں اور 4ہزار23 رنز اسکور کیے ہیں۔

اگر دونوں کھلاڑیوں کی ایوریج اور اسٹرائیک ریٹ کی بات کی جائے تو ویرات کوہلی یہاں بھی بابر اعظم سے آگے ہیں، انہوں نے 51 اعشاریہ 75 کی ایوریج اور 138 اعشاریہ 15 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4ہزار رنز مکمل کیے جبکہ بابر اعظم نے 41 اعشاریہ 05 کی ایوریج اور 130 اعشاریہ 15 کے اسٹرائیک ریٹ سے یہ سنگ میل عبور کیا۔

اس دوران بابر اعظم نے 3 سینچریاں اور 36 نصف سینچریاں اسکور کیں جبکہ ویرات کوہلی صرف ایک ہی سینچری بنا سکے لیکن نصف سینچری میں بابر اعظم سے صرف ایک کے اضافے کے ساتھ 37 نصف سینچریاں بنا سکے۔

چوکوں کی تعداد کی بات کی جائے تو بابر اعظم یہاں بھی ویرات کوہلی پر سبقت لے گئے ہیں، انہوں نے 432 جبکہ ویرات کوہلی نے 361 چوکے لگائے۔ چھکے لگانے میں ویرات کوہلی بابر اعظم سے کافی آگے ہیں۔ انہوں نے 117 جبکہ بابر اعظم نے صرف 69 چھکے لگائے۔

واضح رہے دونوں کھلاڑی کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر پرفارم کرتے دکھائی دیتے ہیں، دونوں کھلاڑیوں نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں کئی اہم ریکارڈز بھی اپنے نام کیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp