آرمکو نے گو کے 40 فیصد حصص خریدنے کا عمل مکمل کر کے پاکستان کی فیول ریٹیل مارکیٹ میں قدم رکھ دیا

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا کی معروف انٹیگریٹڈ انرجی اور کیمیکل کمپنیوں میں سے ایک سعودی عرب کی کمپنی آرامکو نے گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (گو) کے 40 فیصد ایکویٹی حصص خرید کر اپنی عالمی ریٹیل میں مزید توسیع کر دی ہے۔ آرمکو نے پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر پاکستان کی فیول ریٹیل مارکیٹ میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔

سعودی تیل کمپنی نے دسمبر 2023 میں ’گو‘ کے حصص کے حصول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جسے مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے گزشتہ ماہ منظور کر لیا تھا۔

پاکستان اور سعودی عرب باہمی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور سعودی عرب نے حال ہی میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری تیز کرنے کا اعادہ کیا ہے۔

آرامکو ایک عالمی مربوط توانائی اور کیمیکل کمپنی ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ خام تیل پیدا کرنے والی منافع بخش کمپنی ہے، جب کہ ’گو‘ پاکستان میں 1200 سے زیادہ ریٹیل فیول اسٹیشنز کے نیٹ ورک کے ساتھ متنوع ڈاؤن اسٹریم فیولز، لبریکنٹس اور ریٹیل اسٹور آپریٹر ہے۔’ گو ‘ پاکستان کی سب سے بڑی ریٹیل اور اسٹوریج کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

جمعہ کو آرامکو کی ویب سائٹ پر جاری تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ سعودی تیل کمپنی نے دسمبر 2023 میں ’گو‘ میں حصص کے حصول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کی منظوری مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے گزشتہ ماہ دے دی تھی۔

’گو‘ کے حصص کی خریداری کے بعد آرامکو کی پاکستان میں پہلی ڈاؤن اسٹریم ریٹیل سرمایہ کاری کی نمائندگی ہو گئی ہے۔

آرامکو کے ایگزیکٹو نائب صدر برائے مصنوعات اور صارفین یاسر مفتی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ ہماری عالمی پیداواری توسیع تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یہ حصول ہمارے سفر میں ایک اہم اگلا قدم ہے۔  ’گو‘ کے ساتھ ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے ہم پاکستان میں قابل قدر صارفین کو آرامکو کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خدمات کی فراہمی کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ ہم آرامکو کے عالمی شراکت داروں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک میں ایک اور اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پر جوش ہیں اور نئے مواقعوں کو تلاش کرنے اور بیرون ملک آرامکو کی تیل کی مصنوعات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنے وسائل اور مہارت دکھانے کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انتہائی مضبوط تجارتی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ سعودی عرب 2.7 ملین سے زیادہ پاکستانی تارکین وطن کا گھر ہے جو کہ پاکستان میں ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

فروری 2019 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے مجموعی طور پر 21 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔

ان معاہدوں میں آرامکو آئل ریفائنری کے لیے 10 ارب ڈالر اور بلوچستان کی اسٹریٹجک گوادر بندرگاہ پر پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کے لیے ایک ارب ڈالر بھی شامل ہیں۔

دونوں ممالک حال ہی میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور سعودی عرب نے حال ہی میں 5 بلین ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج کو تیز کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp