پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، تجارتی حجم بڑھائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

پیر 29 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ آئندہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے بھر پور اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر تجارت عزت مآب ماجد القصبی نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر ملاقات کی۔ اس موقع پر سعودی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کی واضح ہدایات کے مطابق ہم پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے ترجیح دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی کاروباری برادری و تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ اگلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے۔

سعودی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ دونوں ممالک کے نوجوانوں اور نئی نسل میں پاک سعودی عرب دوستی کے حوالے سے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پوری طرح فعال ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp