صارفین نے نسیم شاہ کو جلیبی والے کی بات سننے کا مشورہ کیوں دیا؟

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا 2022 کے ورلڈکپ کے بعد کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ اپنے ساتھ پیش آنے والا ایک واقعہ بتاتے ہیں۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ ایک انکل ان کے گھر کے باہر جلیبیاں بناتے تھے۔ وہ ورلڈ کپ کے بعد انہیں نصیحت کرنے لگے کہ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں انہوں نے کون کون سی غلطیاں کی تھیں۔

نسیم شاہ نے کہا کہ میں نے ہنستے ہوئے ان سے کہا، ’انکل جی، میں دو سال سے آپ سے جلیبیاں خرید رہا ہوں، کیا میں نے کبھی آپ سے کہا کہ ان جلیبیوں کی شکل غلط ہے یا آپ نے یہ اچھی نہیں بنائیں‘۔

نسیم شاہ نے ان انکل سے مزید کہا کہ ہم انسان ہیں اور ہم سے غلطیاں ہوتی ہیں۔ آپ سے بھی غلطیاں ہوتی ہوں گی تو ہمیں بھی معاف کر دیں۔

ان کا یہ پرانا بیان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے نسیم شاہ سے کہا کہ جلیبی والے انکل کی بات سن لیں کیونکہ اب واقعی آپ کو اس کی ضرورت ہے۔

ابوبکر نامی صارف لکھتے ہیں کہ یہ بہت عجیب بات ہے کہ کھلاڑی کس طرح یہ سوچ سکتے ہیں کہ ان پر تنقید نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو ہمارے ٹیکس کے پیسے سے تنخواہ ملتی ہے اور ہم آپ کو اسٹار بناتے ہیں، اس لیے ہم ادب کے ساتھ کھیل کے بارے میں سب کچھ  کہنے کے مستحق ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ نسیم شاہ نے فائنل بہت اچھا کھیلا تھا لیکن بد قسمتی سے وہ کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp