9 مئی کے اصل ملزم خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ بن گئے، فیصل کریم کنڈی

ہفتہ 1 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے جو اصل ملزم تھے وہ تو خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ بن گئے، 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ سمیت تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پی ٹی آئی ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگے تو بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن اگر وہ اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں کے ذریعے آنا چاہتے ہیں تو کچھ نہیں کہہ سکتے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا گورنر ہاؤس کسی سازش کا حصہ نہیں ہوگا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو کہا تھا کہ وفاق کے پاس جائیں دلائل سے بات کریں مسئلے کا حل ضرور نکلے گا۔ وزیراعلیٰ ایسی زبان استعمال کرتے ہیں، جس سے مسئلے کا حل نہیں نکلنا تھا۔

 فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی کے پاس بھی جانے کو تیار ہوں۔ جتنی سیاسی جماعتیں ہیں، ان کے پاس جا رہا ہوں۔ خیبرپختونخوا کو پُرامن اور ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق میں صوبے کا مقدمہ لڑوں گا، مل کر صوبے کی ترقی کے لیے اقدامات کریں گے۔ وزیر اعظم سے ملاقات میں صوبے کے مسائل پر بات چیت ہوئی، وہ دن دور نہیں جب پاکستان اندھیروں سے نکل کر اجالوں میں جائے گا۔

گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ چوری بھی کرتے ہیں اور سینہ زوری بھی، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے۔9 مئی جیسے واقعات کو روکنا ہوگا۔ نالائقی اور نااہلی کو بیان بازی سے نہیں چھپایا جاسکتا۔ پی ٹی آئی ٹویٹ کو اون بھی نہیں کررہی، ڈیلیٹ بھی نہیں کررہی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو کوئی مجبوری ہے تو میں ان کے پاس جانے کو تیار ہوں۔ صوبے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر کسی کے پاس جانے کو تیار ہوں۔ ورکنگ ریلیشن بہتر بنا کر صوبے کے  حقوق حاصل کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ایک پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، وفاق نے کبھی کہا آپ اسلام آباد نہیں آسکتے؟ کیا وزیراعلیٰ کو دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے کہا ہمارے صوبے نہیں آسکتے؟ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو بہت جلد خیبرپختونخوا آئیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp