ہماری جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، مراد سعید کا خط منظرِ عام پر آگیا

ہفتہ 1 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے روپوش رہنما مراد سعید نے پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹ اور تنظیمی عہدیداروں کے نام خط لکھا ہے۔

مراد سعید نے خط میں لکھا ہے کہ ‏پاکستان تحریک انصاف اپنی پرامن سیاسی جدوجہد کے نہایت اہم اور ہر لحاظ سے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

خط کے متن میں درج ہے کہ گزشتہ 2 برس کے ابتلا و آزمائش کے پرآشوب، اعصاب شکن اور صبرآزما سلسلے نے جہاں ظاہری طور پر ہمیں مشکلات کی چکی میں پیسا ہے وہاں ہمارے قائد عمران خان کی ہمّت، جرات، بہادری بے مثال ہے۔

مراد سعید نے لکھا ہے کہ عمران خان نے ہمیں پورے قد سے راہِ حق پر چلنے، طاغوت اور اس کے خفیہ اور اعلانیہ حواریوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کلمہ حق کہنے اور مادہ و حیات کے چھن جانے کے خوف سے آزاد کرکے اپنی دھرتی ماں، اپنی قوم اور اپنی پاک سرزمین کے لیے میدانِ عمل میں ڈٹ جانے کا حوصلہ عطا کیا ہے۔

خط میں تحریر ہے کہ ہم آخری نبی حضرت محمدﷺ کی امّت ہیں جنہیں اللہ نے اپنی کتاب میں خیرِ امت یعنی قوموں میں سے بہترین قوم کے طور پر اہلِ عالم کے سامنے متعارف کروایا ہے مگر ساتھ میں ہم پر یہ ذمہ داری بھی عائد کی ہے کہ ہم امر بالمعروف (حق کی تلقین) اور نہی عن المنکر (باطل کے انکار) کو اپنی زندگیوں کا محور بنائیں گے۔

مراد سعید نے لکھا کہ میری اور آپ کی خوش قسمتی ہے کہ ہم اس قائد کی قیادت میں جمع ہیں جس کا اپنی قوم سے وعدہ ہے کہ وہ اللہ کے سوا خود کبھی کسی کے سامنے جھکا نہ ہی اپنی قوم کو کبھی جھکنے دے گا۔ اس کا کوئی خطاب مولانا رومی کے اس درس سے خالی نہیں کہ جب اللہ نے تمہیں پر دیے ہیں تو کیوں چیونٹیوں کی طرح زمین پر رینگتے ہو۔

انہوں ںے لکھا کہ ‏چنانچہ ملک و قوم ہماری جانب نظریں اٹھائے ہوئے ہیں۔ اس دھرتی کے پیر و جوان ہم سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ مؤرخ ہماری جانب دیکھتا ہے۔

مراد سعید نے نے خط میں تحریر کیا ہے کہ حمودالرحمان کمیشن رپورٹ جو فردِ واحد کے طاقت و اقتدار کے نشے کی ایک دستاویزی المیہ ہے وہ آئینے کی مانند ہماری راہ روکے کھڑا ہے مگر یحییٰ کے عاقبت نااندیش وارث اپنی آنکھوں پر ضد، انا، ہٹ دھرمی اور نفرت انگیز اکڑ کے خول چڑھا کر اسے دیکھنے سے قاصر ہیں۔ وہ تاریخ کے آئینے کو اپنے حال اور مستقبل کی اصلاح کی بجائے آئینے کو توڑنے اور آئینہ بردار کو نوچ لینے کے لیے لپک رہے ہیں۔

نتائج کی پرواہ کیے بغیر اپنا فریضہ نبھانا ہوگا

انہوں نے لکھا کہ ‏ایسے میں اس جماعت اور عوام کی قیادت پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ سود و زیاں کے نجی احساسات سے اوپر اٹھ کر نتائج کی پروا کیے بغیر قوم کی قیادت کا فریضہ نبھائیں۔ میرے آپ کے قائد نے بے مثال ضبط و تحمّل کی رقم کرنے کے ساتھ ارضِ پاک کو سنبھالنے اور اسے مزید کسی قومی المیے کی اندھی کھائی میں گرنے سے بچانے کے لیے اپنی قوم، اپنے کارکنان کو اہم ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جلد وہ لمحہ آنے والا ہے جب اڈیالہ میں ناحق قید قوم کا عظیم لیڈر عوامی مینڈیٹ کی واپسی، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی و سربلندی اور قوم کی حقیقی آزادی کیلئے فیصلہ کن ملک گیر پرامن احتجاج کی کال دیں گے۔

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ‏مجھے اور آپ کو اس کے لیے جلد از جلد اپنی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے پوری طرح یکسو اور تیار ہونا ہے اور قوم کو بھرپور انداز میں متحرک کرنا ہے۔ اس کے لیے دو بنیادی کام ہمارے ذمے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں جن مقامات پر ورکرز کنونشنز کا اعلان ہوچکا ہے اس میں ہم سب کی حاضری مثالی ہونی چاہیے جبکہ جو مقامات باقی ہیں ان میں بھی ان کنونشنز کے انعقاد کی تیاریاں فی الفور مکمل کی جائیں۔

مراد سعید کا جلد روپوشی ختم کرنے کا اعلان

مراد سعید نے لکھا کہ تحریک انصاف کے پرامن سیاسی اور کلیتاً جمہوری اہداف خصوصاً بانی چیئرمین عمران خان کے پیغامات کی بنیاد پر رائے عامّہ کو خصوصاً ہموار کرنے اور اس پرامن جمہوری عمل میں ان کی فقیدالمثال شرکت کو یقینی بنانے کے لیے نہایت منظم سرگرمیوں کا دائرہ وسیع تر کریں اور مرکزی سیکرٹریٹ کے فراہم کردہ خصوصی نمبرز جو جلد آپ تک پہنچا دیے جائیں گے، پر تمام معلومات ارسال کیجیے۔

انہوں نے لکھا کہ ‏میں مسلسل روپوشی کے باوجود مسلسل پرامن سیاسی مظاہرے، اجتماعات، سرگرمیاں وغیرہ منعقد کروا رہا ہوں جبکہ اپنے قائد کی جانب سے کال کے اعلان کے بعد آپ مجھے ایک بڑے قافلے کے ہمراہ اپنے درمیان موجود پائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp