پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حمودالرحمان کمیشن کی رپورٹ پڑھنا یا پڑھانا کوئی حرج نہیں۔
ہفتہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں عرفان صدیقی نے کہاکہ آج بھی وقت ہے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں حمودالرحمان کمیشن کی رپورٹ کو نصاب کا حصہ بنا کر تسکین کا سامان کرلے۔
حمود الرحمان کمیشن رپورٹ پڑھنے یا پڑھانے میں کوئی ہرج نہیں۔۔ہرج اس نیت اور ذہنی فتور میں ہے جو آج ترپن سال بعد یکا یک جاگ اٹھا ہے۔پی ٹی آئی چار سال حکمران رہی۔کیوں اس نے میڈیا پر اس رپورٹ کی تشہیر نہیں کی؟ آج بھی وقت ہے۔ وہ اسے خیبر پختونخوا کے تعلیمی ادارروں کے نصاب کا حصہ بنا…
— Senator Irfan Siddiqui (@IrfanUHSiddiqui) June 1, 2024
انہوں نے کہاکہ حرج اس نیت اور ذہنی فتور میں ہے جو آج 53 سال بعد جاگ اٹھا ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی 4 سال حکمران رہی، کیوں میڈیا پر اس رپورٹ کی تشہیر نہیں کی؟
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کے حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی، تاہم پی ٹی آئی نے اس سے لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف کا سوشل میڈیا بیرون ملک سے چل رہا ہے، عمران خان اس ٹوئٹ کے ذمہ دار نہیں۔
دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے عمران کی ٹوئٹ کی بنیاد پر انکوائری کا آغاز کردیا ہے، ایف آئی اے کی ٹیم اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تفتیش کے لیے پہنچی تھی مگر بانی پی ٹی آئی تفتیش میں شامل ہونے سے انکاری ہوگئے تھے۔
آج ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، بیرسٹر گوہر اور رؤف حسن کو بھی تحقیقات کے لیے 4 جون کو طلب کرلیا ہے۔