نشے میں دھت روینہ ٹنڈن نے راہگیروں پر گاڑی چڑھا دی، ہجوم کا اداکارہ پر حملہ

اتوار 2 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن پر ممبئی میں ہجوم نے مبینہ طور پر تیز رفتار ڈرائیونگ کے نتیجے میں 3 راہگیر خواتین کو ہٹ کرنے پر حملہ کر دیا۔

گزشتہ شب ممبئی میں ہجوم نے بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن کا راستہ اس وقت روک لیا جب انہوں نے تیز رفتار گاڑی قریب سے گزرنے والی خواتین پر چڑھا دی۔ اس وقت  ڈرائیور بھی اداکارہ کے ہمراہ تھا تاہم وہ گاڑی خود ڈرائیو کر رہی تھیں۔

گاڑی کا راستہ روکے جانے پر جب اداکارہ ہجوم سے بات کرنے کار سے باہر آئیں تو بے قابو عوام سے کئی ایک نے ناصرف روینہ ٹنڈن کو دھکے دیے بلکہ مبینہ طور پر انہیں زردکوب کیا گیا۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی ہے۔ ایک ویڈیو میں اداکارہ کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ’پلیز مجھے مت مارو‘۔ انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ نشے کی حالت میں تھیں اور انہوں نے متاثرین کے ساتھ بدسلوکی اور حملہ کیا۔

ایک ویڈیو میں متاثرین میں سے ایک کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’میری ناک سے خون بہہ رہا ہے۔ تمہیں رات جیل میں گزارنی پڑے گی‘۔ ویڈیو میں ایک شخص کو یہ بھی کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’تم نے حملہ کیا ہے، میں پولیس کے پاس جاؤں گا‘۔

گاڑی کی طرف بھاگنے سے پہلے اداکارہ کو بھیڑ سے یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ وہ اسے دھکا نہ دیں۔

ایک فری لانس انڈین رپورٹر محسن شیخ کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں متاثرہ خواتین کے رشتہ دار نے بتایا کہ وہ کسی جگہ سے واپس آرہے تھے اور جب وہ اداکارہ کے گھر کے قریب پہنچے تو ڈرائیور نے ان کی والدہ کو گاڑی سے ٹکر ماری اور جب انہوں نے اس پر احتجاج کیا تو اداکارہ کی جانب سے ان پر حملہ کیا گیا۔

اس شخص نے الزام لگایا کہ اداکارہ نشے کی حالت میں تھیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ 4 گھنٹے تک کھار تھانے میں موجود رہے، لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp